پوری ریاست میں غیر سیاسی احتساب ہو گا،ناکام ہوا تو استعفیٰ دے کر چلا جاؤں گا، وزیر اعظم آزاد کشمیرکا سنٹرل بار ایسو سی ایشن کے نو منتخب وعہدیداروں کی تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ وکلاء، تاجر، سول سائٹی میری طاقت ہیں، عوام میرا ساتھ دے تو آزادکشمیر کے عوام کی فلاح اور پاکستان کو روشن رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے ہم سب کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہو گا۔ پوری ریاست میں غیر سیاسی احتساب ہو گا۔ اگر ناکام ہوا تو استعفیٰ دے کر چلا جاؤں گا۔ ریاست کے عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر جاؤں گا۔ آزادکشمیر کے کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔

عنقریب وزیراعظم آزادکشمیر کا پورٹل آر ہا ہے جس میں عوام اپنی شکایات بھیج سکیں گے۔ ریاست ہر مظلوم کی آواز بنے گی۔اب تھانے کا ایس ایچ او خود ایف آئی آر لکھے گا اور عام آدمی کا مدعی ہو گا۔چمیبرز وکلاء کا حق ہے اور انہیں ملے گا۔ آنے والا وقت بہتری کی طرف جائے گا۔ میری موجود گی میں کوئی کشمیر پر سودے بازی کرنے کا تصور بھی نہ کرے۔ کشمیر کا مقدمہ ڈنکے کی چوٹ پر لڑوں گا۔ ایسا نظام بنائیں گے تاکہ سیاسی، سفارتی طور پر کشمیریوں سے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہو سکیں۔ وقت آگیاہے کہ ہمیں اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہے۔جب تک اشرافیہ بجلی کے بلز ادا نہیں کرے گی اس وقت تک عام آدمی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ غریب عوام تک روٹی کے دو لقمے پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے اعلان نہیں کرتا اور نہ ہی مطالبے کی ضرورت ہوگی جس کا حق ہو گا اس کو ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے سنٹرل بار ایسو سی ایشن کے نو منتخب وعہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے سینئر وزیر کرنل وقار نور، وزراء حکومت عبدالماجد خان، چوہدری محمد رشید، جاوید بٹ، اکمل سرگالہ، اکبر ابراہیم، چوہدری اخلاق، سردار میر اکبر، عامر الطاف، راجہ محمد صدیق، دیوان علی چغتائی، نثا انصر ابدالی، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد، سنٹرل بار ایسو سی ایشن اور سینیئر وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن راجہ آفتاب خان ایڈدوکیٹ، سابق صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن فضل محمود بیگ ایڈووکیٹ، اسد خان ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم نے سنٹرل بار ایسو سی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی میں چاروں صوبوں سے نمائندگی موجود تھی تمام صوبوں کے نمائندوں نے میری بات کی تائید کی۔ انہوں نے کبھی کسی جگہ ذات کی بات نہیں کی صرف اور صرف عوام کے حقوق کی بات کی اور کرتا رہوں گا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان سے محنت کا رشتہ ہے۔ حق کی بات کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے نیلم میں 21کیوسک سے زیادہ بجلی بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کوئی بھی زبانی حکم نہیں چلے گا صرف وزیراعظم کے قلم سے رولز آف بزنس کے مطابق کام ہوگا۔

اگر ہم کوشش کریں تو سب سے سستی بجلی بنا سکتے ہیں وزیراعظم نے کہا کہ منگلا ڈیم اپ زیزنگ کا ترمیمی معائدہ 2022 کابینہ نے منسوخ کر دیا۔آج تک کسی حکمران نے ٹیرف کو ریورس نہیں کیا۔میں نے کر کے دکھایا ہے۔ عوام کے حق نمائندگی کے لیے یہاں بیٹھا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ آج تو نہیں بنا اس سے پہلے کسی حکمران نے کیوں نہیں دیکھا۔پانی 3 کیومک سے بڑھا کر 21 کیومک تک لے گئے ہیں۔ 5ارب روپے نیلم جہلم پراجیکٹ کو ملے ہیں حساب دیں۔ عوام ان پیسوں کا حساب لے۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملا تو آزادکشمیر عام آدمی کے لیے 200 یونٹ تک بجلی فری کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اگربیرونی سپانسرزلے آئیں تو پاکستان کی مشکلات دور کر سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ میرے دور میں کوئی فارچونر گاڑی نہیں خرید کی گئی ایک ہزار سی سی گاڑی پر سفر کرتاہوں۔ انہو ں نے کہاکہ دنیا کی سستی بجلی ہم کشمیر میں پیدا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں پرکسی کو عیاشی نہیں کرنے دوں گا۔ عوام کا پیسہ صرف اور صرف عوام پر خرچ ہو گا۔ انشاء اللہ عوام کو واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑیں گے۔ عوام کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارلحق نے کہا کہ چیمبرز وکلاء کا حق ہے اور یہ حق انہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریہ رکھنا بنیادی حق ہے۔ حق خود ارادیت کی منزل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میں سیاسی کارکن ہوں، عوام کے حقوق کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔ اگرعوام پریشان ہوں تو حکمرانوں کو تکلیف ہونی چاہیے۔ صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن راجہ آفتاب احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں ا ور عوام کے لیے بارش کا پہلا قطرہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء برادری وزیراعظم کی وفاقی سطح پر جاندارموقف بیان کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم کو وزیراعظم پر فخر ہے وکلاء ہر جگہ وزیراعظم کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن راجہ آفتاب احمد خان نے سنٹرل بارکی تا حیات اعزازی ممبر شپ پیش کی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close