مظفر آباد، وزیراعظم چوہدری انوارا لحق کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، ذخیرہ اندوزی اور ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم چوہدری انوارا لحق کی زیر صدار ت آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی اپیکس کمیٹی کا دسواں اجلاس مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری،جنرل آفیسر کمانڈنگ 12ڈویژن، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری صاحبان حکومت، ڈویژنل کمشنر ز، ڈپٹی انسپکٹر جنرل صاحبان پولیس رینج،نمائیندگان سکیورٹی ادارہ جات، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سپیشل برانچ اور سپیشل سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں گزشتہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلہ جات پر عمل درآمد کی پراگرس کا جائزہ لیا گیا اورنظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کے پوائنٹس کے حوالہ سے آزادکشمیر میں میں عملدرآمدکو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تجویز کیئے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ ملک کی بقا اور اس کی سلامتی مضبوط ہاتھوں میں ہے، افواج پاکستان ہمارے ملک خداداد کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہیں۔ افواج پاکستان نے ہمیشہ مشکل کے وقت آئینی تقاضوں کے ساتھ آزادخطہ کی سول انتظامیہ اور اداروں کی مددکی جس پروہ افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔و زیرا عظم نے کہا کہ اپیکس کمیٹی جیسے فورم لاکھوں قربانیوں کے بعد میسر آئے ہیں جن کی وساطت سے نیشنل ایکشن پلان کے راہنماء اصولوں کے ذریعہ عوام کی بنیادی آزادیوں کو یقینی بنایا جاتا ہے۔اس فورم سے اجتماعی دانش کے مطابق قومی مسائل پر بحث و مباحثہ کے بعد فیصلے کیے جاتے ہیں تاکہ معاشرے میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے امن وامان کیلئے سول اور سکیورٹی اداروں میں قریبی روابط پر زور دیاتاکہ امن وامان کے مسائل کی بروقت نشاندہی کی جا کر ان کا تدارک کیا جا سکے۔ وزیر اعظم نے انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزی اور ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فرقہ ورانہ نفرت پھیلانے والے عناصر پر ریاستی انتظامیہ کڑی نظر رکھے۔اور اس کے ساتھ سوشل میڈیا کی بھی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ سماج دشمن عناصر کے پروپیگنڈا کو روکا جاسکے۔وزیراعظم نے پیغام پاکستان کو تعلیمی اداروں اور مدرسوں میں پہنچانے کی بھی ہدایت کی تاکہ حقیقی پاکستانیت کا پیغام سکولوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلباء اور طالبات تک موثر انداز سے پہنچایا جاسکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close