وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت میڈیکل کالجز کی گورننگ باڈی کا اجلاس، میرٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، وزیر اعظم چوہدری انوارالحق کا خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کے میڈیکل کالجز کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری داؤد محمد بڑیچ، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ،وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عامہ عبدالستا ر خان سمیت میڈیکل کالجز کے پرنسپل صاحبان ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر احسن وحید راٹھور ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ میڈیکل کالجز کے معیار اور دیگر امور کو بہتر بنانے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی ٹیم آزادکشمیر کے تینوں میڈیکل کالجز کا دورہ کر کے سفارشات چیئرمین گورننگ باڈی کو پیش کریگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ میڈیکل کالجز میں پروفیسرز کی بھرتی کیلئے جوائنٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی بنا کر اسکی سفارشات کی روشنی میں پروفیسرز بھرتی کیے جائیں۔میڈیکل کالجز کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں تنخواہوں کی حد تک ادائیگی کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایگزیکٹیو کمیٹی بنائی گئی جو فیکلٹی و سٹاف کی تنخواہوں اور پے الاوئنسز طے کریگی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میڈیکل کالجز کی آمدن بڑھانے پر توجہ دی جائے اور اخراجات کم کیے جائیں، ہر ادارے کو اپنے ہونے کی جوازیت دینی ہے، طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہاکہ میرٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور سے کہاکہ یو ایچ ایس لاہور کی ٹیم آزادکشمیر کی میڈیکل کالجز کا دورہ کر ے اور انکے معاملات و معیار بہتر بنانے سمیت فیکلٹی ودیگر امور کے حوالہ سے رپورٹ مرتب کر کے گورننگ باڈی کو پیش کرے جس پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کہاکہ جلد یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز کا دورہ کر کے رپورٹ مرتب کرکے چیئرمین گورننگ باڈی کو پیش کریگی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ طلبہ کیلئے ٹرانسپورٹ، تھیٹرزسمیت دیگر لوازمات کو یقینی بنایا جائے، کہیں بھی میرٹ کی خلاف ورزی ہوئی تو ادارے کے سربراہ کے خلاف ایکشن ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close