احتجاج صارفین کا حق ہے، اگر وہ بجلی استعمال نہیں کرتے تو بل نہ دیں اگر وہ استعمال کرینگے تو بل دینگے، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں پرامن احتجاج ہوا ،پونچھ ڈویژن میں بھی پرامن احتجاج ہوا ۔بجلی کے بلوں پر احتجاج صارفین کا حق ہے کہ اگر وہ بجلی استعمال نہیں کرتے تو بل نہ دیں اگر وہ استعمال کرینگے تو بل دینگے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پونچھ کے عوام نے پرامن احتجاج کیا ہم اربوں کی بجلی دے رہے ہیں ہماری ضرورت چار سو میگا واٹ ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چاروں وفاقی اکائیوں میں بھی بجلی چوری ہوتی ہے تو آزادکشمیر میں بھی ہوتی ہے جس کے لئے نظام کو بہتر کر رہے ہیں ۔آزادکشمیر میں بڑے ہائیڈل یونٹ اٹھائیس سو میگا واٹ پیدا کر رہے ہیں ہماری ضرورت چار سو میگا واٹ کے قریب ہے ،میں متعدد بار یہ بات کہہ چکا ہوں جب آپ اشرافیہ اور عوام کے طرز زندگی میں تفاوت لائیں گے تو سوشل فیبرکس متاثر ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنا ہونگے ،مجھے اسی قیمت پر بجلی دی جائے جس پر بن رہی ہے ،جاگراں ون میں نیشنل گرڈ کو تیس میگا واٹ بجلی دیتے ہیں جو کہ تقریبا ساڑھے تین روپے فی یونٹ دے رہے ہیں اور ہمیں وہ تیس روپے فی یونٹ کی مل رہی ہے میرا یہ مطالبہ ہے ہمیں اسی قیمت پر دی جائے ۔نوسیری ڈیم بننے کے بعد جب دریائے نیلم ڈائی ورٹ ہوا تو شہر میں دریا کا بہاؤ متاثر ہوا ،پاکستان کی محبت میں ہر طرح کی قربانی دی ہے روشن پاکستان اور الحاق پاکستان ہماری منزل ہے ۔آئین پاکستان کے آرٹیکلز کی روشنی میں تمام مطالبات کر رہا ہوں جنہیں پورا کیا جانا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیڈرل قابل تقسیم محاصل میں سے ہمیں ہمارا شئیر دیا جائے ہمارے پاس نو ہزار میگا واٹ کا پوٹینشل موجود ہے ،روشن پاکستان کیلیے ہماری جان بھی حاضر ہے اور ہم اپنا یہ کردار اد کرتے رہیں گے ،سینٹ کی کمیٹی نے بڑی ہمدردی سے ہماری بات سنی اور ہم نے بھی اپنا کیس درست انداز میں پیش کیا ۔۔۔۔

close