کشمیری کسی صورت تقسیم کشمیر نہیں ہونے دیں گے، سید علی گیلانی کے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے، برسی کے موقع پر صدر آزاد کشمیر کا پیغام

اسلام آباد (پی این آئی ) آزادجموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج حریت رہنماء سید علی گیلانی شہید کی دوسری برسی کے موقع پر میں واضح اور دو ٹوک الفاظ میں یہ باور کرواتا ہوں کہ کشمیری کسی صورت تقسیم کشمیر نہیں ہونے دیں گے اور سید علی گیلانی کشمیریوں کے عظیم رہنماء تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کئے رکھی۔

آج ہم ان کی دوسری برسی کے موقع پر یہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کو جاری و ساری رکھیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ سید علی گیلانی کشمیریوں کے عظیم رہنماء تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کئے رکھی۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندؤں کو آباد کر کے آبادی کے تناسب کو کم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے تاکہ ہندو وزیر اعلی لایا جا سکے مگر اسے اس میں ناکامی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد کے ملٹی پرپز ہال میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل،کشمیر میڈیا سروس اور جموں کشمیر لبریشن کمیشن کے زیر انتظام ممتاز حریت لیڈر سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان،سابق چیئرمین سینٹ سید نیر حسین بخاری، وزیراعظم کی معاون خصوصی انسانی حقوق مشعال حسین ملک، سینیٹر طلحہ محمود،سابق وفاقی وزیر نثار اے میمن،وزراء حکومت چوہدری اخلاق،ظفر ملک،سابق وزیر سید شوکت شاہ،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ،سابق وفاقی وزیر جے سالک، راجہ نجابت حسین، عبدالحمید لون اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کشمیری اپنے خودارادیت پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔میں جب سرینگر گیا تو میری سید علی گیلانی سے ملاقاتیں رہیں۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی بہت دلیر شخصیت کے مالک تھے ہم آج ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی نو لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہاء کیے ہوئے ہے اور ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے ادارے وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رپورٹ کر رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں انسانوں نے جانوں کی قربانی دی۔مودی نے سرینگر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں وہاں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک ہے منی پور میں جو کچھ عیسائیوں کے ساتھ کیا ہے عالمی سطح پر اسکی مذمت کی گئی ہے۔صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری بھی تحریک آزادی کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سید علی گیلانی کا جسد خاکی وارثوں کو نہیں دیا گیا،ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ کشمیر کے معاملے میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور ہم ملکر لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل یورپی پارلیمنٹ کے چھ اراکین نے کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کی اب دنیا مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کا موقف سمجھنا شروع ہو گئی ہے اور انٹرنیشنل فورمز پر کشمیریوں کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی جدو جہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک جاری و ساری رہے گی اور کشمیری کسی صورت تقسیم کشمیر قبول نہیں کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close