مظفرآباد (پی آئی ڈی) ممتاز حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی دوسری برسی لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایت پر سید علی شاہ گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سیمینارز و تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ دارلحکومت مظفرآباد میں سید علی شاہ گیلانی کی برسی کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج مظفرآباد میں کشمیر لبریشن کمیشن و ہائیرایجوکیشن کے اشتراک سے سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیرحکومت چوہدری محمدر شید تھے۔
مقررین نے سید علی شاہ گیلانی کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے انکے مشن کی تکمیل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کرنے کا عزم کیا۔ مہمان خصوصی چوہدری محمد رشید نے کہاکہ قائد حریت سید علی شاہ گیلانی نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف کر دی، ان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔سید علی گیلانی کا مشہور نعرے ’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘ آج ہر کشمیری کے دل کی آواز ہے۔ انہوں نے کہاکہ بسترمرگ پر بھی سید علی گیلانی کلمہ حق کہتے رہے۔ سید علی گیلانی سرزمین پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے تھے، پاکستان سے اسلامی رشتہ کے تصور کو قائم رکھنے اور جہد مسلسل پر سید علی شاہ گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت سید علی شاہ گیلانی کی فکر کو لے کر آگے بڑھے گی۔ اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں،اگر بھارت نے آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا توآزادکشمیر کا بچہ بچہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ انشا اللہ وہ وقت جلد آئے گا جب سرینگر کے لال چوک میں سبزہلالی پرچم لہرائے گا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنمازاہد صفی نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی جہد مسلسل کا نام ہے، ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہوگا۔ سید علی شاہ گیلانی کے مشن کو جاری رکھیں گے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما مشتاق الاسلام، عزیر غزالی، ڈائریکٹر احتساب بیورو سید سلیم گردیزی،ڈائریکٹر ز کشمیر لبریشن کمیشن راجہ محمد سجاد خان اور راجہ محمد اسلم خان،پرنسپل ماڈل سائنس کالج محترمہ نگہت جبین صاحبہ ودیگر مقررین نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کی فکری و سیاسی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی مسلہ کشمیر کا حل ممکن ہے۔ اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیا گیا حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرے۔ سائرہ چشتی،، میڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان سمیت اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں