ظلم اور جبر کے سامنے جب بھی مسلسل اور مستقل مزاحمت کا ذکر ہو گا تو آنے والی نسلوں کو سید علی گیلانی کی یاد آئے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا پیغام

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی بہادری اور استقامت کا روشن نام ہیں،ظلم اور جبر کے سامنے جب بھی مسلسل اور مستقل مزاحمت کا ذکر ہوگاتو آنے والی نسلوں کو سید علی گیلانی کی یاد آئے گی۔بابائے حریت کا نعرہ’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘ آج بھی مقبوضہ کشمیر کا سب سے مقبول نعرہ ہے۔

عظیم حریت لیڈر سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بد ترین مظالم کے سامنے کلمہ حق کہنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، سید علی گیلانی نے جرات اور بہادری سے ظلم و استبداد کا مقابلہ اور کبھی اپنے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں آنے دی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم آج بھی جاری ہیں،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی تحقیقات کروائیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا سلسلہ بند کروائیں۔ اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی کی رحلت سے جو خلا پیدا ہو ا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ بابائے حریت اپنی تمام عمر ظلم اور جبر کے سامنے ایک چٹان بن کر کھڑے رہے،وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے کہاکہ بطل حریت نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے وقف کر دی اورآخری دم تک اپنے نظریے پر ڈٹے رہے سید علی گیلانی کو زندگی کے بیشتر عرصہ میں قید اور نظر بند رکھا گیا لیکن ان کے جذبہ حریت میں کمی نہیں آئی، لازوال جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔اقوام متحدہ، او آئی سی اور دنیا کے مہذب ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں و ادارے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں