پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے، سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی توانا آواز تھے، سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر صدر آزاد کشمیر کا پیغام

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عظیم حریت لیڈر شہید سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی بچپن، جوانی، بڑھاپا پاکستان کے لیے جدو جہد میں گزارا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور کشمیریوں کے لییے نعرے کی شکل میں ایک پیغام چھوڑ کر اس دنیا فانی سے رخصت ہوئے کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔

پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے اور کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع،سلامتی،ترقی اور خوشحالی کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔عظیم حریت رہنماء سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ریاست نے کہا کہ سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی توانا آواز تھے انہوں نے اپنی زندگی کے آخری بارہ سال بدترین علالت کی حالت میں سفاک دشمن بھارت کی اسیری میں گزارے مگر ان کے پایہ استقلال میں لغزش نہ آئی۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب انہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت تھی بھارت کی سفاک فوج نے انہیں زبردستی نظر بند کئے رکھا مگر وہ پاکستان کے ساتھ ان کی نظریاتی وابستگی کو کم نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی استقامت کا کوہ گراں تھے ان کی پوری زندگی جدوجہد سے عبارت ہے آخر دم تک وہ بھارت سے آزادی کے مشن پر کاربند رہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی اور پوری ریاست کے پاکستان سے الحاق کے شہداء کے مشن کو مکمل کرنے کیلیے آزاد حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close