بلائنڈ کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل بلائنڈ گیمز میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد پاکستان پہنچ گئی، کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب، پروفیسر الیاس ایوب، سید عزادار شاہ، سجاد جرال، ایڈیشنل کمشنر کی شرکت

میرپور (پی این آئی) پاکستان کی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی انڑنیشنل بلائنڈ سپورٹس کے عالمی مقابلے کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد جب ٹیم کے کپتان نثار علی ، ہیڈ کوچ محمد جمیل اور کھلاڑی کامران اختر اپنے آبائی شہر میرپور پہنچے تو کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی نے اپنے افس میں انکے اعزاز میں تقریب منعقد کی اور کامیابی پر شیلڈ دی، اس موقع پر اکاب سکول کے پرنسپل پروفیسر محمد الیاس ایوب، سپکر آزاد کشمیر اسمبلی کے معاون خصوصی سید اعزاز حسین شاہ۔سابق صدر پریس کلب۔سجاد جرال، ٹیم کے ھیڈ کوچ محمد جمیل، کپتان نثار علی برطانیہ کے ممتاز بزنس مین بشیر چغتائی ۔کامران اختر عرفان مجید بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی نے کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ نابینا افراد صلاحیت اور کارکردگی کے اعتبار سے کسی سے پیچھے نہیں اور اگر مواقع میسر ہوں تو زندگی کے ہر شعبے میں بصارت سے محروم افراد کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں ۔ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے عالمی ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی سے جہاں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے وہاں ہم اہل میرپور کے لیے یہ موقع دوہری خوشی کا موقع ہے کیونکہ ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ دونوں کا تعلق میرپور سے ہے ۔ کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی نے اس موقع پر آزاد کشمیر میں نابینا بچوں کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے آکاب اسکول فار دی بلائنڈ کے پرنسپل پروفیسر محمد الیاس ایوب کی نابینا بچوں کی تعلیم و تربیت اور نابینا افراد کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر کمشنر میرپور نے فاتح ٹیم کے کپتان نثار علی کو شیلڈ بھی پیش کی ۔ اس موقع پر آکاب سکول فار دی بلائنڈ کے پرنسپل نے کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ارباب اختیار کی پذیرائی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ ہمارے کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ صلاحیت میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ نابینا افراد کو سہولیات اور مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ معاشرے کے دیگر افراد کے شانہ بشانہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں