صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے چیئرپرسن بی ٹی ایم سمیرا فرخ کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ تحریک آزادی کشمیر میں حصہ ڈال رہی ہیں

اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے چیئرپرسن بی ٹی ایم سمیرا فرخ کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام ایک مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں اور وہاں کی خواتین جانفشانی اور دلیری سے نو لاکھ بھارتی فوج کے جبر و استبداد کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

تو ایسی صورتحال میں دنیا بھر میں مقیم کشمیری بالخصوص کشمیری خواتین مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی آواز بنیں اور وہاں پر بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کو پیلٹ گن کا نشانہ بنا کر اُن کی بینائی چھینی جا رہی ہے اور خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ تحریک آزادی کشمیر میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں لہذا ایسی صورتحال میں عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی طرف سے جاری ظلم و بربریت کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ اس سلسلے میں دنیا بھر میں مقیم کشمیری خواتین مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے ساتھ ہونے والے ناروا سکوک پر اپنی آواز بلند کریں اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ باور کرائیں کہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے دباؤ بڑھایا جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں