مظفرآباد (پی آئی ڈی) کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام چھٹا پروفیشنل، پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے آفیسران کی پاسنگ آوٹ تقریب (Graduation Ceremony)جمعہ کے روز منعقد ہوئی۔ آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈیئر(ر) سید اختر حسین شاہ،سینئر ڈائریکٹنگ سٹاف بریگیڈیئر محمد عرفان، مینیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز عامر محمود، ڈائریکٹر تعلقات عامہ راجہ شاہد کھوکھرسمیت سرکاری افسران نے شرکت کی۔
سپیکر اسمبلی نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ عوامی خدمت، جذبہ ملنساری اور ایمانداری کے ساتھ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکرچوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کوئی فرد یا ادارہ عزم و جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔آزادی بڑی نعمت ہے اور اس کو برقرار رکھنے کے لیے جذبے اور کمٹمنٹ کے ساتھ آگے بڑھا جاسکتا ہے۔ منتخب نمائندوں اور آفیسران کی ترجیحات عوامی خدمت ہوتی ہے۔کرسی پر بیٹھ کر لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہیں، کسی بھی افسر کے لیے تنخواہ بڑا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ خدمت خلق کے جذبہ سے ہی ترقی کے سفر کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کشمیرانسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ KIM جیسا معیاری ادارہ آفیسران کی پیشہ ورانہ ومعیاری تربیت کے لیے کلیدی کردار ادا کررہا ہے کورس مکمل کرنے والے آفیسران آگے بڑھیں اور ملک وقوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی رجحانات سے سیکھتے ہوئے ہمیں بھی سول سروسز میں خواتین کا کوٹہ بڑھانا چاہیے۔ مہمان خصوصی سپیکرچوہدری لطیف اکبر نے کورس مکمل کرنے والے افسران میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے۔ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈیئر (ر)سید اختر حسین شاہ نے مہمان خصوصی چوہدری لطیف اکبر کو شیلڈ پیش کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں