آزاد کشمیر، علماء کرام بین المذاھب ہم آہنگی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں، وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے نمائندہ وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ علماء کرام بین المذاھب ہم آہنگی کیلیے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ہو گا ۔قومیں اپنے مستقبل کا تعین خود کرتی ہیں ،باشعور قومیں اپنی قیادت کا چناؤ اور تبدیلی بہترین انداز میں کرتی ہیں ۔ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے قانون شکنوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔آزادکشمیر پرامن خطہ ہے اسکا امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی ۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آزادکشمیر کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوے کیا جس نے علامہ بشارت حسین امامی کی قیادت میں جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔وفد میں علامہ عمران علی سبزواری ،سید حسن کاظم ،علامہ کاظم رضا کاظمی ،عمار یاسر ،اسد علی خان ،سید اکرام حسین شاہ نقوی ،علامہ مدثر ریاض کاظمی ،سید بلاول کاظمی ،شیراز اکبر کاظمی ،سید منتظر کاظمی اور عقیل اعوان شامل تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دور میں ہر بندہ شناخت کے چکر میں ہے اور سوشل میڈیا پر پوسٹوں کا اژدہام ہے لیکن نظریے کے نام پر کسی کو آوارگی کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو ہم آہنگی کا درس دینا چاہیے ،سوشل میڈیا کو سختی سے مانیٹر کر رہے ہیں سوشل میڈیا پر خلاف قانون پوسٹیں لگانے والوں کے خلاف قانون کے اندر رہتے ہوے سخت ایکشن لیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب کی مذہبی آزادی کا احترام ہے لیکن سب کو اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ فرائض کا بھی احساس کرنا ہو گا ،انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے کسی کو بھی اپنی عدالت انصاف لگانے کی قطعا اجازت نہیں دی جائے گی نہ کسی کو آزادکشمیر میں مذہبی ہم آہنگی کو خراب کرنے کی اجازت دیں گے سب کو اپنے دائرہ میں رہنا ہو گا ،گفتگو کو علمیت کی بنیاد پر ہونا چاہیے صاحب علم کبھی کسی کے خلاف بات نہیں کرتا ،منبر کو روزی روٹی کا ذریعہ نہ بنایا جائے،شناخت کے شوق اور سوشل میڈیا پر لائکس کے چکر میں انکشافات اور اختلافات بڑھتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں حق بات کہنے سے کبھی گھبرانا نہیں چاہئے ۔وفد نے اپنے قیمتی وقت میں سے وقت دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے جو اقدامات کئے ہیں اس سے ریاست گڈ گورننس کی راہ پر گامزن ہوئی ہے ۔انہوں نے وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close