کشمیری عوام نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر ثابت کر دیا کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو نہیں مانتے، چوہدری انوارالحق

اسلام آباد ( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ایشیاء میں پائیدار ترقی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ کشمیریوں کی جانب سے ہندوستان کا یوم آزادی بطور یوم سیاہ منانا مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی غاصبانہ قبضے اور ان کا حق خود ارادیت صلب کرنے کے خلاف احتجاج ہے تاکہ وہ دنیا کو بھارتی جارحیت پر متوجہ کر کے اپنے حق خود ارادیت کے لئے آواز بلند کرسکیں۔

لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کشمیری عوام نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر ثابت کیا ہے کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو نہیں مانتے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں جہاں بھی کشمیری مقیم ہیں ہندوستا ن کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر ہندوستان کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور اقوام متحدہ سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سات دھائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کے لیے عملی اقدامات اٹھاے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت طاقت کے زور سےنہ پہلے کشمیریوں کو دبا سکا ہے اب دبا سکے گا۔ ہندوستان کے پانچ اگست 2019 کے اقدامات مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری ہندوستان کے آزادی کویوم سیاہ کے طور پر منانا بھارت سے نفرت کا اظہار کررہے ہیں ۔ بھارت جبری طور پر کشمیریوں پر اپنی مرضی نہیں تھوپ سکتا، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو دنیا میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close