مظفر آباد، بھارت کے یوم آزادی کو کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا، جموں وکشمیر لبریشن کمیشن کے تحت برہان وانی چوک تا گھڑی پن احتجاجی ریلی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) بھارت کے یوم آزادی کو کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا۔جموں وکشمیر لبریشن کمیشن کے زیر اہتمام یوم سیاہ کے موقع پر مظفرآباد میں برہان وانی چوک تا گھڑی پن احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن کمیشن واطلاعات انصر یعقوب،وائس چیئرمین پاسبان حریت مشتاق السلام ودیگرنے کی۔احتجاجی ریلی میں سیاسی قیادت، ملازمین، تاجر تنظیموں کے عہدیداران،مہاجرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے کہا کہ کشمیری ہمیشہ کی طرح بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں اوریہ ہمارا عزم ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاسبان حریت مشتاق السلام نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ 1947سے بھارت نے وادی کے بنیادی حقوق سلب کیے ہوئے ہیں۔ نوجوان و حریت قیادت پابند سلاسل ہے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھارت کے جنگی جرائم کا نوٹس لے۔ احتجاجی ریلی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق شفیع،ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا، ڈائریکٹر آپریشن جموں وکشمیر لبریشن کمیشن راجہ اسلم، ڈائریکٹر لبریشن کمیشن راجہ محمد سجاد،میڈیا کوآرڈینیٹرسردار علی شان و دیگر نے بھی شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close