آزاد کشمیر سپریم کورٹ میں پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب، چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم نے پرچم کشائی کی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ میں پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پرجج عدالت العظمیٰ جسٹس رضا علی خان، چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ، ججز صاحبان عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین، جسٹس سید شاہد بہار، جسٹس محمد اعجاز خان،سابق چیف جسٹس عدالت العظمیٰ چوہدری محمد ابراہیم ضیاء،ججز صاحبان ماتحت عدالت ہاء، ممبران بارکونسل کے علاوہ سینئر وکلاء نے شرکت کی۔ پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔

اس موقع پر پاکستان و آزادکشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ بعدازاں جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا۔تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سٹاف آفیسر ہمراہ چیف جسٹس سپریم کورٹ تیمور ممتاز نے انجام دیے۔ پرچم کشائی کی تقریب کے اختتام پر پاکستان کے استحکام، معاشی ترقی، پاکستان اور کشمیر کے شہداء، اداروں کی مضبوطی، کشمیر، فلسطین اور عراق کی آزادی اور تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس عدالت العظمیٰ راجہ سعید اکرم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے۔ کشمیر و پاکستان کا روح و جان کا رشتہ ہے۔ قائداعظم کا فرمان تھا کہ پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیر ضروری ہے۔ پاکستان کی بقاء کیلئے کشمیریوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہم پہلے پاکستانی پھر کشمیری ہیں۔ انشاء اللہ 76سال سے جاری تحریک آزادی کشمیر کامیاب ہوکر رہے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close