مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آج پوری قوم جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ آج کے دن بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بے لوث قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی نظریاتی اسلامی مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی۔پاکستان کا قیام برصغیر جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کی اجتماعی قومی امنگوں اور آرزوں کا مظہر ہے۔14اگست1947 ایک تاریخ ساز دن تھا جب علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہوئی۔
یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ یوم آزادی ہمارے اسلاف کی اس جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جب انہوں نے اپنے جان و مال اس وطن کی آزادی پر نثار کیے اور اپنے خون سے ہمارے لیے اس ملک کی بقا کی جنگ لڑی۔پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کا مرہون منت ہے اور اس نظریہ کی بنیاد پر جب پہلی بار مفکر اسلام حضرت علامہ اقبال نے برصغیر کو تقسیم کر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کا تصور پیش کیا تھا تو اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کے قومی تشخص اور اسلام کی تہذیبی اور ثقافتی اقدار اور روایا ت پر خاص زور دیا تھا اور انہوں نے قائد اعظم کی خصوصی توجہ مبذول کرائی تھی کہ شریعت اسلامیہ کے نفاذ کیلئے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ قائد اعظم نے اس نظریہ کی بنیاد پر مسلم لیگ کو منظم کر کے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے متحد کیا۔ انہیں اپنے مقصد کی صداقت اور مسلمان عوام کی اجتماعی فہم و فراست پر غیر متزلزل یقین و اعتماد تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد صرف سات سال کے قلیل عرصہ میں ہندوؤں اور انگریزوں کی شدید ترین مخالفت کے باوجود صرف اور صرف آئینی جدو جہد کے ذریعے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بھا رت مقبوضہ کشمیر کی عوا م کو طاقت کے زور پر دبانا چاہتا ہے مگر یہ دن ہمارے کشمیری بہن بھائیوں کے عزم و حوصلہ کو جلا بخشتا ہے اور امید دیتا ہے کہ جدوجہد آزادی میں انکی جانب سے دی گی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔ حکومت پاکستان،پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کو سراہتے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں