مظفر آباد، جشن آزادی پاکستان، دارلحکومت میں تفریح اور ثقافتی سرگرمیوں سے بھرپور فیسٹیول کا آغاز

مظفرآباد (پی آئی ڈی) جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے دارلحکومت میں تفریح اور کلچر سے بھرپور مظفرآباد فیسٹیول کا آغاز ہوگیا۔ ائیرپورٹ مظفرآباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں وزراء حکومت سید بازل علی نقوی اورسردار جاوید ایوب، کمشنر مظفرآباد ڈویژن سردار عدنان خورشید، ڈپٹی کمشنر راجہ طاہر ممتاز، صدر ہینڈ گلائیڈنگ و پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان سید سجاد شاہ،ڈائریکٹر سیاحت محمود ثاقب،انتظامی افسران راجہ صداقت،منیر قریشی سمیت پیراگلائیڈرز، بائیکرز انتظامی افسران سول سوسائٹی و عوام علاقہ نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران میں پیرا گلائیڈرز ائیرپورٹ رن وے پر لینڈنگ کرتے رہے جبکہ ہارلے ڈیوڈسن بائیک ریلی شہر کا چکر لگاتے ہوئے تقریب میں پہنچی جہاں پر شرکاء تقریب نے بائیکرز کا خیر مقدم کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ جشن آزادی کی قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، خانہ کعبہ کے بعد پاکستان ہمارے لیے مقدس مقام ہے۔جشن آزادی پاکستان کے موقع پر دارلحکومت میں ائیرپورٹ پر شاندار فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن سردار عدنان خورشید نے کہا کہ یوم آزادی کی مناسب سے حکومت آزادکشمیر نے ائیرپورٹ میں فیسٹیول کا انعقاد کر کے لوگوں کی تفریح فراہم کرنے کی کوشش کی ہے، عوام الناس بالخصوص آزادکشمیر آنے والے سیاح یہاں ضرور آئیں۔ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ عوام الناس اس فیسٹیول میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوں، آج شام سے اپر اڈہ میں فوڈ فیسٹیول کا بھی آغاز ہوجائے گا جبکہ کل فٹبال اسٹیڈیم اپر اڈہ میں میوزیکل نائٹ ہوگی جس میں معروف قومی سنگر پرفارم کریں گے۔صدر ہینڈ گلائیڈنگ و پیرا گلائڈنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان سید سجاد حسین شاہ نے کہا کہ اگلے سال مظفرآباد میں پیراگلائیڈنگ کا ورلڈ کپ ہوگا جس میں 100 کے زائد ممالک کے پیراگلائیڈرز شریک ہوں گے۔میں نے دنیا کے 86 ملک دیکھے ہیں لیکن جو خوبصورتی اور پوٹینشل کشمیر کے خطہ میں ہے وہ کہیں اور نہیں، یہ خطہ کتنا خوبصورت ہے اسکا لوگوں کو احساس نہیں، یہ علاقہ پیرا گلائڈنگ کا مرکز بن سکتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں پائلٹ ہائی سکول مظفرآباد کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے۔ مظفرآباد فیسٹیول میں پیراگلائیڈنگ،موٹر گلائیڈنگ،ایرو ماڈلنگ،ڈرون ریس،میوزیکل نائٹ،فوڈ فیسٹیول،وائٹ ریور رافٹنگ،چلڈرن پلے ایریا، ہارلے ڈیوڈسن بائیک ریلیHarley Davidson bike rally اور ونٹیج کار ریلی سمیت میگا کلچرل ایونٹ ہورہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close