اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یوم آزادی پاکستان ملک بھر سمیت لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بھرپور جوش و جذبے اور تزک و احتشام سے منایا جائیگا۔
مقبوضہ کشمیر میں سبز ہلالی پرچم کی محبت میں اپنی جانیں جان آفریں کے سپرد کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری عوام کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو کم نہیں کیا جاسکتا، ہندوستان کا بدترین جبر کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کو تنکے برابر کم نہ کر سکا۔ تحریک آزادی کشمیر در اصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آزادکشمیر میں یوم آزادی پاکستان کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں، آزادکشمیر میں یوم آزادی کے موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، دن کا آغاز ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن بنانے کے لیے ان کی انتھک کوششوں پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہم نے تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم سب ملکر وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں