سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن کو پنجاب اور وفاق کے برابر بڑھایا گیا ہے، یکم ستمبر کو تنخواہیں اضافے کے ساتھ ملیں گی، ترجمان آزاد کشمیر حکومت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے واضح کیا ہے کہ آزادحکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن کو پنجاب اور وفاق کی طرز پر بڑھایاہے- یکم ستمبر 2023کو سرکاری ملازمین تنخواہیں اضافہ کے ساتھ وصول کریں گے جس میں ماہ جولائی اور اگست کے بقایا جات بھی شامل ہونگے ۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ کچھ عناصر کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کررہی جو کہ سراسر حقائق کے منافی ہے۔

حکومت آزادکشمیر کے سینئر موسٹ وزیرکرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے وزرا ءکرام کے ہمراہ 27جولائی کو جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں حکومت آزادکشمیر کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ آزادکشمیر حکومت نے وفاق اور پنجاب کی طرز پر گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد، گریڈ سترہ سے بائیس تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد جبکہ پنشنرز کی پنشن میں 17.50 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد یکم ستمبر2023ء سے ہوگا۔ جملہ سرکاری ملازمین اور پنشنرزجولائی اور اگست کے اضافے کے ساتھ تنخواہیں اور پنشن وصول کریں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close