تحریک کشمیر یو کے کے زیر اہتمام استنبول میں کشمیر کانفرنس، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ترکی میں پاکستان کے سفیر اور فہیم کیانی کا خطاب

ترکیہ استنبول (پی آئی ڈی) ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں عالم اسلام کی ایک بڑی کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف اسلامی ممالک کے اراکین پارلیمان،صحافی، دانشوروں اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔کانفرنس تحریک کشمیر یو کے کی جانب سے ترکیہ میں مقیم کشمیریوں اور ترک سول سوسائٹی کے اشتراک سے کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کی مذمت اور مقبوضہ کشمیر میں مقیم مظلوم کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر آزاد جموں و کشمیرقانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر تھے، جبکہ ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یونس جنید حکمران جماعت آق پارٹی سے تعلق رکھنے والی ترک رکن پارلیمنٹ طوبی اِشیک ایرجان، ینی رفاح پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین دوان بیکن، سعادت پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور ڈپٹی چیئرمین مصطفی کایا اور کویت سے رکن پارلیمنٹ محمد المطیری بھی کانفرنس میں شریک تھے۔کانفرنس کے بین الاقوامی مقررین میں کویت سے انسانی حقوق کے وکلاء میجبل ایم ایم الراشدی اور دالیہ الاجمی بھی شامل تھے۔ تقریب سے اسپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سابق رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی عبدالرشید ترابی اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے قائدین الطاف احمد بٹ اور محمود احمد ساغر کے علاوہ سینئر کشمیری لیڈر ڈاکٹر مبین اور تحریک کشمیر یوکے کے سربراہ فہیم کیانی نے خطاب کیا۔تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ احسن شفیق نے مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا جو دنیا کے مختلف حصوں سے کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لیے خصوصی طور پہ استنبول تشریف لائے تھے۔ مقررین نے دنیا سے بھارتی بربریت کے خلاف ٹھوس اقدامات مطالبہ دہرایا۔ آخر میں تحریک کشمیر یوکے کے صدر فہیم کیانی نے قرارداد پڑھ کر سنائی جو متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قراردار میں بھارتی مظالم اور اس کے آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کرنے کی مذمت کی اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ جیسے اداروں سے بھارت کے خلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تقریب کے اختتام پہ مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں