مظفرآباد (پی این آئی ) صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مجھے آج بے حد خوشی ہے کہ آج ہم آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس کا افتتاح کر رہے ہیں جو کہ سعودی حکومت، عوام اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان دوستی اور یکجہتی کا اظہار ہے۔ یہ کیمپس آزاد کشمیر میں فروغ تعلیم اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں کارگر اور معاون ثابت ہو گا۔ اس موقع پر ہمیں خادم حرمین شریفین کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز (مرحوم) کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جن کی مسلم امہ میں ترقی، تعلیمی کے فروغ، صحت کے شعبوں میں کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
آزاد کشمیر کے عوام سعودی حکومت اور کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز کے آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ 2005کے زلزلہ کے بعد سعودی حکومت نے آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر بحالی کے کاموں میں حصہ لیا۔ سعودی عرب، پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان بھائی چارے، دوستی اور باہمی عزت کا جو رشتہ ہے وہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ میں آزاد کشمیر کی عوام کی جانب سے سعودی حکومت اور عوام کا آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جاری پراجیکٹس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ آئندہ بھی وہ اس سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں آزاد جموں و کشمیر یونیوسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے سعودی فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیاء اوپریشنز ڈاکٹر سعود آئید الشماری، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر کلیم عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سعودی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ اس موقع صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں اس موقع پر یہاں پر زیر تعلیم طلبا و طالبات سے کہوں گا کہ وہ محنت و لگن کو اپنا شعار بناتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اس سے جہاں وہ اپنا مستقبل سنوار سکتے ہیں وہاں پر انہیں اپنے علاقے کی خدمت اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے بھی اپنا مثبت رول ادا کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی ہے کہ یونیورسٹی طلباء و طالبات کی تعلیمی استعداد کار بڑھانے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کر رہی ہے، جس سے آزاد کشمیر میں اعلیٰ تعلیمی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج کنگ عبداللہ کیمپس کی سعودی حکومت سے تکمیل ایک تاریخی موقع ہے اور ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ آئندہ بھی وہ اس سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سعودی فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیاء اوپریشنز ڈاکٹر سعود آئید الشماری نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس کی تختی کی نقاب کشائی کر کے افتتاح کیا۔ ۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں