امام عالی مقام نے اپنے جانثاران کے ہمراہ دین اسلام کا علم بلند رکھنے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا یوم عاشور پر خصوصی پیغام

مظفر آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ خانوادہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ نے حق کی ترویج، عدل کے نفاذ ہر قسم کے ظلم، ہر قسم کی زیادتی اور معاشرتی برائی کے خاتمہ کیلئے نہ صرف اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا بلکہ اپنی اولاد، اپنے احباب، اپنے دوست، اپنے مال، اپنے عزیز و اقرباء کوقربان کر دیا اسی کا نام شہادت حسینؓ ہے۔

واقعہ کربلا تاریخ اسلام کا ناقابل فراموش واقعہ ہے جب امام عالی مقام نے اپنے جانثاران کے ہمراہ دین اسلام کا علم بلند رکھنے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ امام عالی مقام کے مقاصد کو سامنے رکھا جائے جن کیلئے دین اسلام کے اس عظیم محافظ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا تو آج مقبوضہ کشمیرکا ہر مسلمان بچہ اپنی جان کی بازی بھی ان ہی اقدارکے تحفظ کیلئے لگا رہا ہے۔وہ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن سے بر سرپیکار ر ہے۔آج کشمیری مسلمان اسلام کے تحفظ کی جنگ لڑ رہا ہے۔ بھارت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق،حق خودارادیت دے اور جب تک مقبوضہ کشمیر کا چپہ چپہ بھارتی قبضہ سے آزاد نہیں ہوجاتا معرکہ کربلا کی یاد تازہ ہوتی رہے گی اور رسم شبیری ادا ہوتی رہے گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close