مظفر آباد، وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر خواجہ مختار احمد کی ملاقات، ڈڈیال کیمپس اور عباسپور کیمپس قائم کرنے اور حویلی کیمپس کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر خواجہ مختار احمد نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور چوہدری اظہر صادق ،سابق مشیر سردار امجد یوسف ، وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید ،رجسٹرار مسٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خضر الحق ،ڈائریکٹر حویلی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران آزادکشمیر کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو درپیش مساٸل اور کوالٹی آف ایجوکیشن کو بہتر کرنے سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ملاقات کے دوران ڈڈیال کیمپس اور عباسپور کیمپس قائم کرنے اور حویلی کیمپس کو مزید بہتر بنانے کے امور پر اتفاق کیا گیا

۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں جامعات کی کارکردگی معیاری بنانے کے لئے ایچ ای سی معاونت فراہم کرے ۔انہوں نے کہا کہ کوالٹی آف ایجوکیشن کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری جامعات سے فارغ التحصیل طلباء جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں اور وہ بین الاقوامی معیار پر بھی پورا اتریں ۔انہوں نے کہا کہ آپ کا چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ہونا آزادکشمیر کے لئے ایک اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یونیورسٹیوں کے ساتھ آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں کی فیکلٹی اور طلباء کے انٹرکشن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں یونیورسٹی کیمپس قائم کئے گئے ہیں جن کا مقصد طلباء کو قریب ترین اعلی تعلیم مہیا کرنا ہے ،ایچ ای سی انہیں بھرپور معاونت فراہم کرے ۔چیرمین ہاٸر ایجوکیشن نے وزیراعظم کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں کے معیار کو بہتر بنانے اور دیگر علاقوں میں قائم کئے جانے والے کیمپس کی بہتری کیلیے بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close