وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہم اجلاس، امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے مجوزہ سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہم اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے مجوزہ سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ،آئی جی ڈاکٹر امیر احمد شیخ سمیت حکام نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ محرم الحرام میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلیے ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

آئی جی آزادکشمیر نے وزیراعظم کو محرم الحرام کے دوران آمن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے مرتب کردہ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی اور آگاہ کیا کہ ماہ محرم کے حوالے سے ایس او پیز تمام اسٹیک ہولڈرز کو فراہم کر دئیے گئے ہیں۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر ہدایت کی کہ آزادکشمیر بھر میں مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں اور انتظامیہ،پولیس،سول ڈیفنس،1122،اور متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کیلیے موثر اور مربوط حکمت عملی وضح کی جائے اور اس مقصد کیلیے سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائے جس میں تمام اداروں اور محکموں کے نمائندگان موجود ہوں،اسی طرز پر وزیراعظم سیکرٹریٹ میں بھی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جو چوبیس گھنٹے فعال رہے گا،اسی طرح حساس اضلاع اور علاقوں کی سیکیورٹی کیلیے خصوصی اقدامات کئے جائیں جبکہ مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لئے سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کیلیے محکمہ اطلاعات اور سپیشل برانچ اقدامات کریں،حساس علاقوں میں سرچ آپریشن کئے جائیں،اس کے ساتھ ساتھ ہیلتھ ریسپانس پلان اور ایمرجینسی ریسپانس پلان بھی تشکیل دئیے جائیں۔وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے علماء کرام اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے اور امن و امان برقرار رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close