ہندوستان کی حکومت یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں بدلنے کے درپے ہے، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کا خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے حریت رہنما محمد یاسین ملک کی بیٹی نے خطاب کیا۔۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے کپواڑہ میں قابض ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والوں، موٹر وے حاڈثہ، طارق فضل چوہدری کے بیٹے سمیت دیگر فوت شدگان کے لیے ایوان میں ممبر اسمبلی حافظ احمد رضا قادری نے فاتحہ خوانی کروائی۔جلاس میں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ یاسین ملک کو بھارت نے چار سالوں سے بے گناہ قید کر رکھا ہے،ہندوستان کی حکومت یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں بدلنے کے درپے ہے،ہندوستان میں 2024 میں الیکشن ہونے جارہے ہیں اور اس لیے مودی الیکشن جیتنے کے لیے ایسے اقدامات کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس حوالہ سے خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں، سپیکر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اہم موقعے پر اسمبلی سیشن کا اہتمام کیا جس کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ کو کہا کہ یہ اسمبلی اور پوری کشمیری قوم یاسین ملک کے پیچھے کھڑی ہے۔سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے تین ماہ میں بہترین کام کیے ہیں، وزیراعظم آزادکشمیر کو پونچھ میں ویلکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے حالات کیسے اور کیون خراب ہوئے یہ جاننے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں توجہ دلاو نوٹس پیش کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیر کونسل میں غیر قانونی طور پرڈیپو ٹیشن پر تعینات ملازمین کو فارغ کیا جائے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے اپنے توجہ دلاو نوٹس میں کہا کہ نیلم میں آٹے کی شدید قلت ہے، عوام لوکل آٹے کی عدم فراہمی کے باعث پریشان ہیں، اس حوالے سے کیے گئے اقدامات پر ایوان کو آگاہ کیا جائے۔شاہ غلام قادر کے توجہ دلاو نوٹس پر سینئر موسٹ وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے ایوان کو بتایا کہ پرائیویٹ آٹا اور سرکاری آٹا کی قیمتوں میں تفاوت کی وجہ سے بحران بڑھا ہے، نیلم کے آٹا کا کوٹہ 1350 ٹن ہے جبکہ نیلم میں اس مہینے 1500 ٹن آٹا دیا گیا ہے۔ وزیر حکومت میاں عبدالوحید نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ آٹے کی قیمتوں میں فرق کو ختم کیا جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہماری درخواست پر ڈیڑھ سو ٹن آٹا نیلم کیلئے بڑھایا تھا وہ بھی فراہم کیا جائے۔ سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ہمارے دور میں فوڈ پالیسی بنی تھی اسکو بھی دیکھ لیا جائے۔ ایل او سی کے نزدیکی علاقوں میں آٹا کی کمی کا سامنا ہے۔ممبر اسمبلی نثار عباسی نے توجہ دلاو نوٹس میں کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے مظفرآباد شہر بالخصوص چہلہ میں لوگوں کی ذاتی املاک تباہ ہورہی ہیں اس حوالے سے سڑکوں پر نکاسی کے لیے نالیاں بنائی جائیں۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ بارشوں نے پورے آزاد کشمیر میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے میری تجویز ہے کہ جیسے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا سپیشل فنڈ ہے اسطرح کا فنڈ رکھا جائے۔جلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ممبر اسمبلی نبیلہ ایوب نے کہا کہ یونیورسٹی آف آزادجموں و کشمیر کی شعبہ کشمیریات کی طالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ انکے کیمپس کو چھتر کلاس شفٹ نہ کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں