قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری کے حوالے سے یوم الحاق پاکستان ریاست جموں کشمیر کے دونوں اطراف رہنے والے کشمیریوں نے جوش و جذبے کے ساتھ منایا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آج یوم الحاق پاکستان ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف رہنے والے کشمیریوں نے جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ اس سلسلہ میں آزادجموں وکشمیر کے تمام ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز پر یوم الحاق پاکستان کے حوالہ سے تقاریب کا انعقاد کیا گیااور کشمیریوں اور پاکستان کے مقدس رشتے اور 19جولائی1947کوسرینگر میں کشمیریوں کی جانب سے منظور ہونے والی قراردادالحاق پاکستان پاکستان کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ یوم الحاق پاکستان کے موقع پر آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں جموں وکشمیر لبریشن کمیشن کے زیراہتمام تقریب بلدیہ ہال اپراڈہ میں منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیر حکومت میاں عبدالوحید تھے جبکہ تقریب کی صدارت سابق وزیر محترمہ نورین عارف نے کی۔ تقریب سے مسلم کانفرنس کے رہنماء راجہ ثاقب مجید، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، حریت رہنما مشتاق الاسلام اور عزیر غزالی، ڈائریکٹر لبریشن کمیشن راجہ محمد اسلم، سردار علی شان، راجہ ممتاز ویگر نے خطاب کیاجبکہ تقریب میں ناظم اعلیٰ جنگلات ملک اسد،ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی فیضا ن عارف مغل، ایڈیشنل سیکرٹری قاضی عنایت، بابر بشیر سمیت سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجودتھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 19جولائی1947کو منظور ہونے والی قرارداد الحاق پاکستان کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی اور پاکستان وکشمیر کے تاریخی رشتوں کو پروان چڑھانے کا عزم کیا اور کہاکہ اس تقریب کا مقصد نوجوان نسل کی فکری لام بندی کرنا ہے۔ وزیر حکومت میاں عبدالوحید نے کہاکہ کشمیری پاکستان سے محبت اور عقیدت رکھتے ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اپنے شہیدوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفنا کر پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔مضبوط پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے۔ سابق وزیر حکومت محترمہ نورین عاف نے کہاکہ 19جولائی1947کو کشمیری قیادت نے قیام پاکستان سے قبل اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ جوڑکر جورشتہ قائم کیا کشمیری اسکو مقدم رکھتے ہیں،ہر لحاظ سے مضبوط و مستحکم پاکستان کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے۔ مقررین نے کہاکہ سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘ریاست کا سب سے مقبول نعرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کو اپنے بدترین ظلم و جبر سے کم نہ کر سکا ہے۔ انسانی تاریخ کے بدترین مظالم نے کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ کمٹمنٹ پر حرف نہ آنے دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ساری ریاست جموں وکشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتی۔تقریب کے اختتام پر ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی میں وزیر حکومت میاں عبدالوحید،سابق وزیر محترمہ نورین عارف، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، حریت رہنما مشتاق الاسلام اور عزیر غزالی، ڈائریکٹر لبریشن کمیشن راجہ محمد اسلم، سردار علی شان، راجہ ممتاز ویگر نے شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close