نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ پیداوار دوبارہ شروع کرنے کیلئے تیار

نیلم(آئی این پی)نیلم جہلم پن بجلی کے 969 میگاواٹ پیداوارکا منصوبہ جولائی کے آخر تک بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام تقریبا مکمل ہوگیاہے۔چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے ہفتہ کو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ ٹیل ریس ٹنل کو مضبوط بنانے کے لیے کئے گئے بحالی کے کاموں اور منصوبے سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے سے متعلق تیاریوں کی سطح کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

پراجیکٹ کی بحالی کی ٹیم نے چیئرمین کو بریفنگ دی کہ ٹیل ریس ٹنل کے منہدم ہونے والے علاقے میں کنکریٹ کی لائننگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 3.5 کلومیٹر لمبی سرنگ میں باقی متاثرہ حصوں کو بھی مضبوط بنایا گیا ہے۔ٹیل ریس ٹنل کی صفائی اورفنشنگ کا کام اگلے ہفتے شروع کر دیا جائے گا، اس کے بعد پریشرائزیشن یعنی ٹیل ریس ٹنل میں پانی جمع کرنا شروع کر دیا جائے گا ،جس سے پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا ۔چیئرمین نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) اور ٹیل ریس ٹنل پر پریشرائزیشن اور پروجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کو موثر طریقے سے دوبارہ شروع کرنے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے ۔خیال رہے کہ نیلم جہلم ایک رن آف دی ریورہائیڈرو پاورپراجیکٹ ہے، جس نے اپریل 2018 میں بجلی کی پیداوارشروع کی تھی۔ پچھلے سال اس کی ٹیل ریس ٹنل کے ایک حصے کے گرنے کی وجہ سے بجلی کی پیداوارمعطل ہونے سے پہلے، یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو 18 ارب یونٹ سے زائد بجلی فراہم کر چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں