وزیر اعظم آزاد کشمیر کے احکامات کی روشنی میںسوشل، ڈیجیٹل، الیکٹرانک میڈیا کی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام قائم کر نے کا فیصلہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر کے احکامات کی روشنی میں سوشل،ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کے حوالہ سے ڈائریکٹر اطلاعات امجد حسین منہاس کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے ڈویژنل و ضلعی افسران کا اجلاس نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر سوشل، ڈیجیٹل و الیکٹرانک میڈیا پر موثر مانیٹرنگ کیلئے جامع میکنزم بنایا جائے گا اور تمام افسران اس سلسلہ میں اپنے دفاتر میں مانیٹرنگ سیل قائم کریں گے جبکہ مرکزی سطح پر سینٹرل مانیٹرنگ سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

سوشل میڈیا پرفیک نیوز اور نفرت انگیز مواد کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے عوام تک مستند اور درست معلومات پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اطلاعات امجد حسین منہاس نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے احکامات کے مطابق عوام کو سوشل و ڈیجیٹل میڈیا پر مستند اور بروقت معلومات پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک طاقتورترین ہتھیارکے طورپرسامنے آیاہے،اس کی اہمیت مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔سوشل میڈیا کے اثرات حکومتی پالیسیوں اور براہ راست ہر شعبہ ہاے زندگی پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ سوشل میڈیا کی آزادی کا غلط استعمال بھی ہورہا ہے جس سے معاشرے میں انارکی اور نفرتیں پھیل رہی ہیں ۔ مہذب دنیا کی طرح ہمیں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کوروکنے کیلیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور آگاہی فراہم کرنی ہو گی ۔ انہوں نے محکمہ کے جملہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل و سوشل میڈیا پر حکومتی سرگرمیوں اور موقف کی بھرپور تشہیر کی جاے ، سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کی مانیٹرنگ کے لیے ضلعی دفاتر میں مانیٹرنگ سیل قائم کر کے انہیں ہمہ وقت فعال رکھا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ الیکٹرانک میڈیا پر حکومت آزادکشمیر کی سرگرمیوں کی مؤثر تشہیر کے لیے سفارشات مرتب کر کے ارسال کی جائیں ، قومی ٹی وی چینلز پر آزادکشمیر کے حوالہ سے سرگرمیوں کی کوریج کیلیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ رکھا جائےاور ٹی وی چینلز پر تشہیر کے لیے مواد بروقت ارسال کیا جائے۔اجلاس میں ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ میرپور طارق جمیل درانی، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقا ت عامہ پونچھ سعداللہ خان، آفیسران اطلاعات راجہ محمد سہیل خان، شوکت علی ملک،سید آصف حسین نقوی، مقصود احمد، محمد جاوید ملک، عدنان مختار، راجہ عبدالباسط خان، محمد پرویز خان، ناصر لطیف، راجہ علاؤالدین منہاس، محمد حنیف خواجہ، محمد سہیل مغل،پروگرامر سردار شمیم انجم عزیز، ایڈورٹائرنگ آفیسر صغیر احمد، آفیسر انتظامیہ محمد خورشید چوہدری،محمد خورشید عباسی، سید آصف علی نقوی ودیگر نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں