راولاکوٹ /ہجیرہ (پی این آئی) اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا نوجوان اب بھی تحریک آزادی کا محور و مرکز ہے ہندوستان نوجوانوں کے جذبات کو شکست نہیں دے سکتا۔
مقبوضہ کشمیر میں شہید برہان وانی کی ساتویں برسی کے حوالے سرکٹ ہاؤس ریسٹ ہاؤس میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کہ وانی شہید کشمیر کا ستارہ بن کر ابھرا، برہان وانی نے آزادی کشمیر کے لیے راہ متعین کی، انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر جدوجہد آزادی کو شکست نہیں دے سکتا ۔آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کی عوام کیساتھ ہیں اس وقت انڈین فوجی کالے قوانین کے تحت کسی بھی گھر میں دندناتے ہوئے گھس جاتے ہیں ۔5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر ایک فوجی چھاؤنی بن چکا جہاں ہر آواز کو بندوق کی طاقت سے خاموش کرایا جارہا ہے۔ ہندوستان کشمیر پر قبضہ پکا کرنے کے لئے آبادی کی تناسب کو بدل رہا ہے جعلی ڈومیسائل کے ذریعہ سابق فوجیوں کو کشمیر میں آباد کررہا ہے۔ اقوام متحدہ کو ہندوستان کے ناجائز اقدامات کا فی الفور نوٹس لینا چاہئے۔
اس موقع پر سابق وزیر سردار عابد حسین عابد ، سابق مشیر سردار امجد یوسف ، ہجیرہ سے پیپلز پارٹی ازادکشمیر کے ٹکٹ ہولڈر سعود صادق ،ممبر میڈیا سیل بلاول ہاؤس کراچی سردار نزاکت ، سابق ٹکٹ ہولڈر حلقہ پاچھیوٹ سردار زاہد شریف، پیپلز لیبر ونگ کے جنرل سیکرٹری سردار آفاق عادل، چوہدری محمد لطیف ،سردار ثاقب فاروق اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں