آزاد کشمیر کی کابینہ کے 27 نئے وزرا نے حلف اُٹھا لیا

مظفر آباد (پی این آئی )آزاد کشمیر کابینہ میں 27 نئے وزرا نے حلف اٹھالیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نو منتخب کابینہ سے آج مظفرآباد میں حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق اور اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب حلف برداری میں ممبران اسمبلی، انتظامی افسران، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت دیگر مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزرا میں پی ٹی آئی کے 15 منحرف، پیپلزپارٹی کے 9 اور ن لیگ کے 3 ارکان شامل ہیں۔ حلف اٹھانے والوں میں سردار محمد حسین خان، عامر عبدالغفار لون، سردار میر اکبر خان، دیوان علی خان چغتائی، عبدالوحید، چوہدری ارشد حسین، محمد احمد رضا قادری، چوہدری محمد رشید، عبدالماجد خان، راجہ محمد صدیق اور چوہدری محمد اکبر شامل ہیں۔ حلف اٹھانے والوں میں جاوید اقبال بڈھانوی، سید بازل علی نقوی، سردار محمد جاوید ایوب، سردار عامر الطاف، اظہر صادق، نثار انصر، چوہدری محمد اخلاق، محمد اکمل سرگالہ، ظفر اقبال ملک، فہیم اختر، چوہدری یاسر سلطان، جاوید بٹ، محمد عاصم شریف، چوہدری عامر یاسین، قاسم مجید اور ضیاالقمر شامل ہیں۔ ادھر آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کی قانون ساز اسمبلی نے عجلت میں 2 کھرب 32 ارب روپے خسارے کا بجٹ منظور کر لیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق بجٹ کو منظوری سے چند گھنٹے قبل ہی سینیئر وزیر خزانہ وقار نور نے ایوان میں پیش کیا تھا، بجٹ میں اعادی اخراجات کے لیے ایک کھرب 90 ارب 4 کروڑ 70 لاکھ روپے اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے 2 ارب روپے کی غیر ملکی امداد سمیت 42 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ اجلاس صبح 11 بجے بلایا گیا تھا تاہم ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا جس کی صدارت اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کی۔ وقار نور کو بجٹ پیش کرنے کے لیے منگل کو ہی وزارت خزانہ کا قلمدان دیا گیا تھا، انہوں نے ایوان کو بتایا کہ آزاد کشمیر کی حکومت آئندہ مالی سال میں ایک ارب 66 کروڑ 45 لاکھ روپے کی آمدنی پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ٹیکس ریونیو سے 44 ارب روپے، وفاقی متغیر گرانٹ میں آزاد کشمیر کے حصے سے 90 ارب روپے، اندرونی وسائل سے 29.85 ارب روپے، پانی کے استعمال کے چارجز سے ایک ارب 70 کروڑ روپے اور کیپٹل رسیدوں (قرضوں اور ایڈوانسز) سے 90 کروڑ روپے شامل ہوں گے۔ تاہم وزیر اس بارے میں خاموش تھے کہ آمدنی اور اخراجات کے درمیان 23 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ روپے کے بڑے فرق کو کیسے اور کہاں سے پورا کیا جائے گا۔ چونکہ آزاد جموں و کشمیر کا پورا ترقیاتی بجٹ وفاقی حکومت ’ترقیاتی گرانٹ‘ کے طور پر فراہم کرتی ہے، وقار نور نے انکشاف کیا کہ اگرچہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے تھے جس میں 2 ارب روپے کا غیر ملکی حصہ بھی شامل تھا، تاہم حکومت آزاد کشمیر نے 42 ارب روپے بشمول 2 ارب روپے کی غیر ملکی امداد کا اپنا سالانہ ترقیاتی پروگرام تیار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close