اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے ممبر اسمبلی محترمہ نبیلہ ایوب ایڈوکیٹ ،وائس چیئرمین بار کونسل محمد ندیم خان ایڈوکیٹ ،ممبران بار کونسل محمد طارق بشیر ایڈوکیٹ ،چوہدری یاسر محمود ایڈوکیٹ ،چوہدری وسیم صابر ایڈوکیٹ نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔وائس چیئرمین بار کونسل محمد ندیم خان نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفد سے بات چیت کرتے ہوے کہا کہ وکلاء گڈ گورننس کے اقدامات کو رائج کرنے میں میرا دست و بازو بنیں ، اقتدار اللہ پاک کی عطا ہے وہ ہی اقتدار دیتا ہے اور وہی ذات اقتدار سے محروم بھی کرتی ہے جب تک اقتدار میں ہوں لوگوں کی خدمت کے عزم پر قائم رہونگا اور اسکے لئے دن رات کام کر رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس کے مضبوط نظام کے بغیر حکومت آگے نہیں بڑھ سکتی ہمیں ریاست کے زمہ دار شہری کی حیثیت سے حقوق اور فرائض میں توازن پیدا کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تعلیم ،صحت ،سیاحت ،لائیو سٹاک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیداواری شعبے کو ترجیح دے رہے ہیں اور اسے اوپر لانا چاہتے ہیں تاکہ ریاست کے عوام کو فائدہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لوگوں کا احساس کرنا ہو گا میں کسی پروٹوکول کو نہیں مانتا ریاست کا ہر شہری برابر ہے وزیراعظم بھی عوام کے سامنے جوابدہ ہے ۔انہوں نے کہا ہمیں کتاب کے مطابق چلنا ہو گا قانون کی من پسند تشریح نہیں کی جا سکتی اسی من پسند تشریح نے نظام کو خراب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آسٹیٹس کو کو ٹوٹنا چاہیے تاکہ عوام کو فائیدہ ملے ۔انہوں نے وکلاء سے کہا کہ وہ ریاست میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کیلیے میرا دست و بازو بنیں جلد انہیں بھی گورننس کے سلسلے میں اعتماد میں لونگا ۔انہوں نے کہا کہ ایک تربیت یافتہ سیاسی کارکن ہوں ،کوئی بھی سسٹم کیلیے ناگزیر نہیں ہوتا ناگزیروں سے قبرستان بھرے ہوے ہیں سب کو محنت اور لگن سے اپنا کام کرنا چاہیے ۔اس موقع پر وائس چیئرمین بار کونسل محمد ندیم خان نے گڈ گورنس کے سلسلے میں وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا اور ان کی کامیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں