اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط و مستحکم کیا جائے تاکہ اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقلی کا عمل ممکن ہو سکے اور عوامی مسائل حل ہو سکیں۔ آزادکشمیر میں 31سال بعد بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا انعقاد ایک بڑا سنگ میل ہے جب میں نے صدر ریاست کے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا تو میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔
آزادکشمیر میں 31سال بعد بلدیاتی انتخابات کے منعقد کرانے میں چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف الیکشن کمشنر کا کردار انتہائی قابل تحسین ہے۔ بلدیاتی اداروں کے قیام سے عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آزادکشمیر کے 10اضلاع کے نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل کے وفد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پرچیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا، چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی، چیئرمین ضلع کونسل کوٹلی چوہدری عبدالغفور جاوید، چیئرمین ضلع کونسل پونچھ سردار جاوید شریف، چیئرمین ضلع کونسل سدھنوتی سردار امجد جاوید، چیئرمین ضلع کونسل بھمبر ڈاکٹر یوسف چوہدری،چیئرمین ضلع کونسل باغ سردار آصف، چیئرمین ضلع کونسل حویلی جاوید اقبال ڈار، چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی، چیئرمین ضلع کونسل نیلم غلام مجتبیٰ مغل شامل تھے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیئرمین ضلع کونسلز کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ بلدیاتی اداروں کو فنڈز دلوانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور اس سلسلے میں حکومت سے بھی فنڈز کی فراہمی کے لئے بات کریں گے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بلدیاتی اداروں کے قیام میں آنے کے بعد اب آزادکشمیر میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے آپ سب لوگ کمر بستہ ہو جائیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور آزادکشمیر کو ایک ماڈل اسٹیٹ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے اور میں نے جب صدر ریاست کے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا تو میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کراؤں گا اور میں نے اپنا وعدہ پورا کر دیا اب یہ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ آپ عوام کے مسائل حل کرانے کے لئے شبانہ روز لگن اور محنت کو اپنا شعار بنا کر عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کریں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں