اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت ہم خیال گروپ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا ۔اجلاس میں17 ارکان اسمبلی نے شرکت کی جبکہ 3 ارکان اسمبلی بذریعہ ٹیلی فون شریک ہوئے ۔ممبران اسمبلی نے آزادکشمیر کے مالی معاملات حل کرنے اور سیاسی معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔
اجلاس میں کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی ،ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کو ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے اپنی آراء دیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آمدہ بجٹ میں ترقیاتی بجٹ کی مد میں مناسب رقوم مختص کی جائیں گی اور غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا جائے ،آزادکشمیر ایک خوبصورت خطہ ہے اسے سیاحوں کیلیے پرکشش بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے خاص کر سڑکوں کی بہتری پر توجہ دیں گے اسکے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے ساتھ ملکر ہوٹلنگ کی صنعت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ جو سیاح آئیں ان کو رہائش اور کھانے پینے کی بہترین سہولتیں مہیا آ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات کرے گی اور ایسے اقدام اٹھائے جائیں گے جن کا براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ان شعبوں میں کام کرنے والے آفیسران و اہلکاران کو جذبے سے کام کرنا ہو گا کیونکہ ان دونوں شعبوں کی بہتری سے براہ راست عوام کا تعلق ہے اور ایک ویلفئر سٹیٹ بنانے کی جانب اہم قدم کے طور پر ان شعبوں کی ترقی از حد ضروری ہے ۔انہوں نے کہا انشاءاللہ ہم سب انتھک کام کریں گے ایک نئے جذبے کے تحت حکومتی مشینری کو متحرک کیا جائے گا تاکہ حقیقی معنوں میں حکومت کے تصور پر پورا اترا جائے اور ایک ویلفئر سٹیٹ کی مقاصد کی جانب پیشقدمی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا شرح خواندگی کافی بہتر ہے مگر اسے مزید بہتر بنانے اور معیاری بنانے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنا ہے جس کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عبدالماجد خان ،سردار میر اکبر ،چوہدری اظہر صادق ،چوہدری نثار انصر ابدالی ،جاوید بٹ ، ،سردار محمد حسین ،محترمہ صبیحہ صادق ،محترمہ تقدیس گیلانی ،محترمہ امتیاز نسیم ،ظفر ملک ،چوہدری محمد ارشد ،چوہدری یاسر سلطان ،چوہدری محمد اخلاق ،پیر مظہر الحق اور دیوان علی خان چغتائی،چوہدری محمد رشید نے شرکت کی جبکہ ،اکمل سرگالہ ،عاصم شریف بٹ اور چوہدری اکبر ابراہیم نے ٹیلی فون کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں