نومنتخب ممبر اسمبلی سردار ضیاء القمر نے حلف اٹھا لیا

مظفرآباد(پی آئی ڈی)نومنتخب ممبر اسمبلی سردارضیاء القمر نے حلف اٹھالیا، سپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے سردارضیاء القمر سے حلف لیا۔ تقریب آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی میں منعقد ہوئی جس میں ممبران اسمبلی سید بازل علی نقوی، سردارجاوید ایوب، چوہدری عامر یاسین،پی پی کے مرکزی رہنماوں، سابق امیدواران اسمبلی، پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سردارضیاء القمر کو بڑی ریلی کی صورت میں باغ سے دارلحکومت مظفرآباد لایا گیا۔

سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت نے سردارضیاء القمر نے کامیابی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا بطور سپیکرکوشش ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردارادا کر سکوں، مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، نومئی کو پاکستان میں جو ہوا وہ قابل مذمت ہے ایسے عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ سردارضیاء القمر قانون سازاسمبلی میں بہترین اضافہ ہے،سردارضیا القمر کو مبارکبا د دیتا ہوں، انکی ذمہ داریاں اب بڑھ گئی ہیں،باغ کے لوگوں کے بھی شکرگزار ہیں نے جنہوں نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں بہترین سیاسی ہم آہنگی ہے، مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس نے جس طرح کھڑے ہو کر سردار ضیاء القمر کو مبارکباد دی وہ قابل تعریف ہے۔ نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی سردارضیاء القمر نے کہاکہ ہر سیاسی کارکن کی خواہش ہوتی ہے کہ اس مقدس کا ایوان کا حصہ بنے،اس ایوان میں بڑی قدآور شخصیات نے نمائندگی کی ہے، مجھے اللہ رب العزت نے اُس وقت موقع دیا ہے جب اس ایوان میں سینئر لوگ موجود ہیں۔ بحیثیت منتخب ممبر بڑی ذمہ داری سونپی گئی ہے، بھرپور کوشش کروں گاکہ سروخروہو کر عوام کے پاس جاؤں۔ انہوں نے کہاکہ یہ اسمبلی بیس کیمپ کی اسمبلی ہے، تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردار اداکروں گا۔

پرامن اور بہترین ماحول میں الیکشن کے انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے سیاسی ماحول کی تعریف چیئرمین پی پی وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے بھی کی جوہمارے لیے باعث فخر ہے۔ پہاڑوں پر ہماری حفاظت کیلئے کھڑے افواج پاکستان کے جوانوں کو خراج تحسین اور شہداء افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اہلیان وسطی باغ کا بالخصوص اور آزادکشمیر بھر کے پیپلز پارٹی کے رہنماوں اور کارکنان کااور بالعموم شکریہ ادا کرتا ہوں، اس کے ساتھ ساتھ اپنی قیادت چیئرمین بلاول بھٹوزرداری، آصف علی زرداری، فریال تالپور، چوہدری یاسین، چوہدری ریاض، چوہدری لطیف اکبر، سردار یعقوب سمیت جملہ قیادت کا شکرگزار ہوں۔ ممبر اسمبلی سردار جاویدا یوب نے کہاکہ سردار ضیاء القمر نے جیت تمام کارکنان کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوئی جنہوں نے انکی کامیابی کیلئے دن رات ایک کیا۔ ممبراسمبلی سید بازل علی نقوی نے کہاکہ اہلیان وسطی باغ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا اوراپنے ووٹ کی حفاظت کی۔ تقریب میں صاحبزادہ ذوالفقار نے شہدائے پاکستان، افواج پاکستان کے شہداء، تحریک آزادی کی کامیابی، شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید، بینظیر بھٹو شہید، سانحہ کارساز کے شہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا کروائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close