وزیراعظم آزاد کشمیر کی بین الاقوامی برادری سے مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل

اسلام آباد (پی آئی ڈی)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں پوشیدہ ہے ۔اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے ،یہ مسئلہ پچھلے 75 برس سے سلامتی کونسل میں ہے اور حل طلب ہے ،تحریک آزادی کشمیر ایک جینوئن تحریک ہے جس کا مقصد قابض بھارتی فوج سے اپنے خطے کو آزاد کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جابرانہ قبضے کے خلاف لاکھوں کشمیریوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ،ہزاروں لاپتہ ہوے ،آدھی بیواؤں کا تصور مقبوضہ کشمیر میں پایا جاتا ہے ،ہزاروں کشمیری خواتین کی بھارتی قابض فوج نے بےحرمتی کی مگر بھارت ان تمام تر ظالمانہ اقدامات کے باوجود کشمیریوں کے دل سے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکا ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیری حریت رہنماؤں کے خلاف بھارت کے غیر انسانی رویے کا نوٹس لینا چاہیے جو عرصے سے بھارت کی جیلوں میں بند ہیں اور انہیں وہاں کسی قسم کی بنیادی سہولت حاصل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا نے تسلیم کر رکھا ہے کیونکہ اقوام متحدہ کا چارٹر اپنی سرزمین پر جابرانہ تسلط کے خلاف جدوجہد کا حق دیتا ہے اور کشمیری اپنے اسی حق کو استعمال کر رہے ہیں ۔وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان ک حق خودارادیت دلوانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close