وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے اعزاز میں ظہرانہ ، سینئر کشمیری سیاسی قیادت کی شرکت، وفود کے تبادلے کی تجویز

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاوس میں ظہرانہ دیا گیا۔ ظہرانے میں سابق وزرائے اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان،سردار عتیق احمد خان،سردار محمد یعقوب خان، سردار عبدالقیوم نیازی، اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سربراہ جموں وکشمیر پیپلزپارٹی سردار حسن ابراہیم،خواجہ فاروق احمد سمیت قانون ساز اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز حکومت ودیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آزادکشمیر میں قانون کی عملداری اور گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے گا،

کسی کی عزت نفس میرے ہوتے ہوئے مجروح نہیں ہونے دوں گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ثقافتی روایات دلوں کو نرم کرتی ہیں اور لوگوں کو قریب لاتی ہیں۔ میری خواہش اور کوشش ہے کہ چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے ساتھ کلچرل ایکسچینج پروگرام شروع کیا جائے، جس میں منتخب ممبران اسمبلی اور دیگر وفود بھیجے جائیں تاکہ باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر قدرتی حسن سے مالا مال اور یہاں مثالی سیاسی ہم آہنگی موجود ہے، آج آزادکشمیر کی جملہ سیاسی قیادت گورنر سندھ کو ویلکم کرنے کے لیے یہاں موجود ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے گورنر سندھ کی آزادکشمیر میں لٹریچر فیسٹیول کے انعقاد اور خطہ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے کاوشوں کو سراہا اور انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیف سیکرٹری و دیگر حکام کی بھی اس حوالہ سے ستائش کی۔ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چوہدری انوارالحق کو آزادکشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم آزادکشمیر اور آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اپنے وطن کی نیک نامی کیلئے کام کرنا ہے، ہمارے ہاں وسائل کی کمی نہیں سب نے سوچنا ہے کہ وہ اپنے وطن کی نیک نامی کیلئے کیا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور فن دلوں کو جوڑتے ہیں، پاکستان آرٹس کونسل کراچی نے دلوں کو جوڑنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ گزشتہ ساڑھے سات دھائیوں میں نفرتیں پروان چڑھیں اور محبتیں بانٹنے والے پیچھے نظر آئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آزادکشمیر میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے جس کو پرموٹ کرنا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close