مظفرآباد میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کا بھی موثر جواب ہو گا، احمد شاہ صدر آرٹس کونسل کراچی کی پریس کانفرنس

مظفرآباد (آئی اے اعوان) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہاہے کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آج سے شروع ہونے والا پاکستان لٹریچرفیسٹیول آزاد کشمیر کی تاریخ میں سب سے بڑی ادبی اور ثقافتی تقریب ہو گی۔جس کے ابتدائی سیشن میں باضابطہ طور پر پاکستان لٹریچر فیسٹیول کشمیر چیپٹر کا بھی افتتاح ہو گا۔

سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ فیسٹیول میں کشمیری ادب وثقافت سے متعلق بیس سے زائد سیشنز ہوں گے۔ دارالحکومت مظفرآباد میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جی۔20اجلاس کے دو سیشنز رکھنے کا بھی موثر جواب ہوگا۔ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے انعقاد میں آرٹس کونسل آف پاکستان کو مختلف سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کی معاونت حاصل ہے۔ فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد کشمیر کی ثقافت، ادب اور سیاحت کو فروغ دینا اور اسے دنیا کے سامنے لانا ہے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان بہترین ثقافتی رشتے موجود ہیں۔ کشمیر کی ثقافت اور خوبصورتی دنیا بھر میں مشہور ہے، لیکن کشمیر کی ثقافت وکلچر اور ادب کو دنیا میں اس طریقے سے پرموٹ نہیں کیا جا سکا جس کی عصر حاضر میں ضرورت ہے۔ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے ذریعے آزاد کشمیر کی ثقافت ادب اور سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ فیسٹیول ادب وثقافت کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے اور قومی نوعیت کی اس تقریب کو بھرپور طریقے سے منعقد کیا جا رہا ہے ہماری کوشش ہے کہ اس قومی سطح کی تقریب میں جہاں ریاست کشمیر کے ادب وثقافت کو فروغ ملے وہاں جنت نظیر وادی کشمیر کی سیاحت اور سیاحتی مقامات کو بھی دنیا کے سامنے لائیں، انہوں نے کہاکہ سیاحت کی ترقی ثقافت سے بڑی ہوتی ہے۔ کشمیر کی ثقافت وکلچر دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔دنیا کشمیر کی ثقافت وکلچر سے متعارف ہونے کی خواہش مند ہے۔فیسٹیول کے ذریعے کشمیر ادب وثقافت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔ یہ فیسٹیول اپنی نوعیت کے اعتبار سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور یہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جی۔20کے سیشنز کا بھی موثر جواب ثابت ہو گا۔اس موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی طرف سے مرکزی ایوان صحافت کے لیے لائبریری اور کمپیوٹر لیب کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا۔ کونسل کے چیئرمین محمد احمد شاہ نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی ایوان صحافت کی شاندار عمارت تعمیر کی گئی ہے اور یہ ادارہ نظم وضبط کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہے، پاکستان کے کسی پریس کلب میں ایسا نظم وضبط نہیں دیکھا۔ مرکزی ایوان صحافت حقیقی معنوں میں بیس کیمپ کے اندر ایک مثالی ادارہ ہے۔

دریں اثناءصدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ کا مرکزی ایوان صحافت کی دعوت پر دورہ،پریس کلب آمد پر صدر پریس کلب واحد اقبال بٹ،سیکریٹری جنرل بشارت مغل اور عہدیداران وسینئر ممبران نے استقبال کیا۔ محمد احمد شاہ نے مرکزی ایوان صحافت کے مختلف شعبہ جات بھی دیکھے۔اس موقع پر کلب کے لیے لائبریری، کمپیوٹر لیب دینے کا اعلان کرتے ہوئے ادارہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کا اعادہ کیا۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کشمیر چیپٹر کا 3 اور 4 جون کو انعقاد ہونے سے کشمیر کلچر،ادب تاریخ اور ثقافت دنیا بھر میں بھرپور انداز میں اجاگر ہو گا۔آرٹس کونسل کی آزاد کشمیر میں برانچ قائم کی جائے گی اور اس تسلسل کو قائم رکھا جائے گا۔ اس موقع پر فیسٹیول کے فوکل پرسن سیکریٹری حکومت احمد عطاءسمیت کونسل کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close