مظفرآباد(پی آئی ڈی) مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کے اعزاز میں انکی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور آزادکشمیر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود، پریس فاونڈیشن کو فعال بنانے ، ریاستی اخبارات کی مضبوطی ،جنرنلسٹس اکیڈمی کے قیام ، پریس کلبوں کی تعمیر و تزئین آرائش ،میڈیاپرسنز اورمحکمہ اطلاعات کے مابین روابط مضبوط بنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری سیاحت و آثار و قدیمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب خان ،صدر سینٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ ، صدرٹی وی جنرنلسٹس ایسوسی ایشن آصف رضا میر ،سابق صدور سینٹرل پریس کلب طارق نقاش ، سید آفا ق حسین شاہ ، سہیل مغل ، بانی وائس چیئرمین سردار ذوالفقار علی، ڈائریکٹرز اطلاعات امجد حسین منہاس اور محمد بشیر مرزا سمیت سینئر صحافیوں پریس کلب کے عہدیداران وممبران سمیت محکمہ اطلاعات کے افسران نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت آثار قدیمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال نے محکمہ اطلاعات کی ترقی ، اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور محکمہ اطلاعات اور میڈیا کے تعلقات کے مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔ بطور سیکرٹری اطلاعات پانچ سال راجہ اظہر اقبال کے ساتھ کام کیا ، راجہ اظہر اقبال بہترین شخصیت کے حامل افسر ہیں ، پی آئی ڈی کمپلیکس اور سینٹرل پریس کلب کی تعمیر میں انکا مرکزی کردار ہے ۔ انہوں ے کہاکہ آزاد کشمیر کا میڈیا میچور ہے جو کہ قابل ستائش امر ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب خان نے کہاکہ راجہ اظہر اقبال نے باوقار سروس کی اور نو سال محکمہ اطلاعات کی سربراہی کی ، راجہ اظہر اقبال نے پریس کلبز کوباوقار بنانے ، پی آئی ڈی کمپلیکس اور سینٹرل پریس کلب کی تعمیر سمیت میڈیا کی ترقی کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ راجہ اظہر اقبال اگر ڈی جی اطلاعات نہ ہوتے تو سینٹرل پریس کلب کی عالیشان عمارت آج یہاں موجود نہ ہوتی ۔ راجہ اظہر اقبال کے اعزاز میں قومی فورمز پر تقاریب کا انعقاد ہونا اس بات کا اظہار ہے کہ انہوں نے خدمت کی اور عزت کمائی۔
صدرسینٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ نے کہاکہ شاندار سروس کی تکمیل پر راجہ اظہر اقبال کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جس عزت کے ساتھ راجہ اظہر اقبال کی سروس مکمل ہورہی ہے یہ عزت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے ، جس طرح آپ نے محکمہ اطلاعات کو جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ سابق صدر سینٹرل پریس کلب طارق نقاش نے کہاکہ محکمہ اطلاعات کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق ہے ، ہمیں آج وہ زمانہ یاد ہے جب محکمہ اطلاعات اولڈ سیکرٹریٹ کی پرانی بوسیدہ عمارت میں ہوتا تھا۔ آج پی آئی ڈی کمپلیکس اور سینٹرل پریس کلب کی تعمیر ، محکمہ اطلاعات کے انفراسٹرکچر کی بہتری ، محکمہ میں اصلاحات ، جدید تقاضوں سے ہم آہنگی سمیت دیگر اقداما ت کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے ۔ بانی وائس چیئرمین پریس فاونڈیشن سردار ذوالفقار علی نے کہاکہ راجہ اظہر اقبال شاندار سروس مکمل کر کے ریٹائرہورہے ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔سابق صدر سید آفاق حسین شاہ نے کہاکہ راجہ اظہر اقبال کو شاندار سروس کی تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں ، راجہ اظہر اقبال نے اپنے اوپر افسری سوار نہیں کی بلکہ صحافیوں کی ترقی اور محکمہ میں اصلاحات پر فوکس کیا ، کسی اخبار کو ان سے کوئی گلہ نہیں ۔صدر ٹی وی جنرنلسٹس ایسوسی ایشن آصف رضا میرنے کہاکہ راجہ اظہر اقبال کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔ سابق صدر سینٹرل پریس کلب سہیل مغل نے کہاکہ راجہ اظہر اقبال کا بطور سربراہ محکمہ اطلاعات کردار ناقابل فراموش ہے ، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب سے جو عزت افزائی کی گئی ہے اس پر تاحیات ان کا شکرگزار رہوں گا ۔ آج سینٹرل پریس کلب میں کسی بھی سرکاری افسر کے اعزاز میں پہلی تقریب ہورہی ہے جو میرے لیے اعزاز ہے ، نیشنل پریس کلب اور دیگر مقامات پر جس عزت سے نواز ا گیا یہ بھی میرے لیے باعث اعزاز ہے انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات اور پریس کلبز نے ملکر میڈیا کو باعزت بنانا ہے ، بطور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات جو کامیابیاں ملیں وہ میڈیا کے بھرپور تعاون کی وجہ سے ممکن ہوئیں ، سینئر صحافیوں نے ہمیشہ رہنمائی کی اور ہم نے جو فیصلے کیے ان کو قبول کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب کا آزادکشمیر میں قائدانہ کردار ہے ۔ سینٹرل پریس کلب کی تعمیر میں اس ادارے کے لوگوں کا مرکزی کردار رہا ہے ۔ ہم سب نے مل کر کوشش کی اور کامیاب ہوئے ۔ گزشتہ عرصہ کے دوران محکمہ اطلاعات میں اصلاحات لائی گئی ہیں تاکہ جدید تقاضوں سے محکمہ کو ہم آہنگ کیا جا سکے ، اشتہارات کی شفافیت کے لیے ریلیز آرڈر سسٹم سمیت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں 7 جولائی 1986 کو پہلی مرتبہ اس ادارے میں آیا اور پھر 14 جولائی 2014 میں سربراہ محکمہ اطلاعات مظفرآباد میں ذمہ داری سنبھالی اور اس وقت سے آج تک اس ادارے کا بھرپور تعاون رہا جس پر تہہ دل سے تمام ممبران کا شکرگزار ہوں ۔ کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت خواہ ہوں ۔اس ادارے سے ہمیشہ تعلق رہے گا ۔سیکرٹری جنرل سینٹرل پریس کلب بشارت مغل نے پریس کلب آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ سینئر صحافی انصر صدیق خواجہ نے بھی اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات کو سینٹرل پریس کلب کی تاحیات اعزازی ممبر شپ بھی دی گئی۔صدر واحد اقبال بٹ نے سینٹرل پریس کی جانب سے راجہ اظہر اقبال کو انکی خدمات کے اعتراف بھی شیلڈپیش کی جبکہ سیکرٹری سیاحت و آثار قدیمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب خان اور صدر سینٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ نے صحافتی خدمات کے اعتراف میں سینئر صحافیوں طارق نقاش ، سہیل مغل،آفاق حسین شاہ، آصف رضا میر،سردار رضا خان،سردار ذوالفقار علی ،سجاد قیوم اورابرار حیدرکو شیلڈ پیش کیں ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں