مظفر آباد، یکجہتی کشمیر ٹیولپ گارڈن کی تعمیر میں مبینہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس، سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک سردار جاوید نے محکمے سے رپورٹ طلب کر لی

مظفرآباد (آئی اےا عوان) آزاد کشمیر کے سیکرٹری زراعت ولائیوسٹاک سردار جاوید نے جلال آباد پارک میں سرینگر کے ٹیولپ گارڈن سے مماثلت رکھنے والے یکجہتی کشمیر ٹیولپ گارڈن کی تعمیر میں مبینہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کاسخت نوٹس لیا ہے سیکرٹری زراعت نے الیکٹرانک ، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی رپورٹس اور خبروں سے متعلق محکمہ سے رپورٹ طلب کی ہے ۔

سیکرٹری زراعت وامور حیوانات سردار جاوید ایوب نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور اخبارات میں ٹیولپ گارڈن جلال آباد کے حوالہ سے شائع ہونے والی خبر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ زراعت سے تفصیلی وضاحت طلب کی۔انھوں نے ہدایت کی ہے کہ معاملہ کی مکمل چھان بین کی جائے اور اگر کسی بھی طرح کی بے ضابطگی سامنے آئی تو متعلقہ آفیسران کے خلاف تحت ضابطہ انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہاکہ ٹیولپ گارڈن کے لیے خریدکئے جانے والے تمام تر مداخل کی تفصیل پیش کی جائے اور گل لالہ باغ کے قیام کے عمل کو جاری نہ رکھنے کی وجوہات بھی بتائی جائیں۔ ان نے مزید کہا کہ میڈیا پرسنز کو محکمہ کے خلاف کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل حقائق معلوم کرنے چاہیے۔ اگر سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی وڈیو / خبر حقیقت پر مبنی نہ ہوئی تو محکمہ متعلقہ اداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اداروں پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت پابند ی کیلئے متعلقہ اتھارٹی کو تحریک بھی کی جاسکتی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close