وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے اجلاس، آئندہ مالی سال میں تعلیم کے لیے 2 ارب، صحت کے لیے 3 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائیگا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جمو ں وکشمیرچوہدری انوار الحق کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر حکومت فیصل ممتاز راٹھور، ممبران اسمبلی چوہدری اظہر صادق، عبدالماجد خان، میاں عبدالوحید،دیوان علی چغتائی،چوہدری محمد رشید، سردار عامر الطاف، چوہدری اخلاق، عاصم شریف بٹ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی،سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو محکمہ کیمونیکشن اینڈ ورکس، فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ،ہائیر ایجوکیشن، ایلمینٹری وسکینڈری ایجوکیشن،صحت عامہ اور انرجی اینڈ واٹر ریسورسز کے ترقیاتی منصوبہ جات،اہداف اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ جملہ محکمہ جات ترقیاتی منصوبہ جات کی کوالٹی پر فوکس کریں اور بروقت اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔ترقیاتی فنڈز کا شفاف انداز میں تصرف یقینی بنایاجائے۔ترقیاتی منصوبہ جات کے کام کی کوالٹی پر کوئی کمپومائز نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت عامہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔آئندہ مالی سال میں محکمہ تعلیم کے لیے 2ارب اور صحت کے لیے 3ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائیگا جو موجودہ مالی سال کی نسبت دوگناہ ہوگا۔ہماری ترجیحی ہے کہ ان دونوں سیکٹرز کو آئندہ مالی سال کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کریں تاکہ آزادکشمیر میں صحت کی سہولیات تحصیل کی سطح تک بہتر ہوسکیں اور ریاست کے اندر کوالٹی آف ایجوکیشن کو فروغ دیا جاسکے۔وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ کے حوالہ سے قائم کردہ حکومتی کمیٹی کے اجلاس میں کوئی بھی ممبر اسمبلی شرکت کر کے اپنی تجاویز دے سکتا ہے۔ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی آزادکشمیر کا مستقبل ہے، قانون سازی کے ذریعے اسکو ایک بااختیار ادارہ بنائیں گے اور اس میں میرٹ کی بنیادوں پر پروفیشنلز کو تعینات کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں پورے آزادکشمیر میں عوام کی فلاح وبہبود اور ضرورت کے پیش نظر بلاتخصیص منصوبے شروع کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close