قائد حریت خواجہ عبدالغنی لون اور شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی ،وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی طر ف سے عظیم حریت رہنماؤں کو خراج عقیدت

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنماؤں قائد حریت خواجہ عبدالغنی لون اور شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کےلئے دی جانے والی قربانیاں کشمیری قوم کا اثاثہ ہیں ۔

کشمیری قوم ان کے مشن کی آبیاری کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی ۔ ان عظیم رہنماؤں نے قابض بھارتی فوج کے سنگین مظالم کے خلاف آواز اٹھائی اور ساری زندگی کشمیریوں کی محکومیت کے خلاف جدوجہد میں گزاری ۔وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیری قوم کی قربانیوں کی وجہ سے کشمیریوں کی تحریک اب فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ چکی ہے ۔ کشمیریوں نے انسانی تاریخ کے اندوہناک مظالم سہے اور اپنے جذبے میں کمی نہیں آنے دی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ خواجہ عبدالغنی لون ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور مفکر تھے جبکہ مولانا محمد فاروق ایک عالم دین اور شعلہ بیان مقرر تھے۔ دونوں شخصیات دو اندیش تھیں اور بھارت کی مکروہ چالوں سے آشنا تھیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری قوم نے تحریک آزادی کےلئے جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال تاریخ انسانیت میں بہت کم ملتی ہے۔ کشمیری قوم کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشاءاللہ بہت جلد بھارت کو کشمیر چھوڑنا پڑے گا ، دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close