آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ ایل 15 وسطی باغ 2 کا ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی، ن لیگ کے امیدوار آمنے سامنے، سیاسی روداری کی مثال قائم

مظفرآباد (پی این آئی) آزاد کشمیر قانون سازی اسمبلی کے حلقہ ایل 15 وسطی باغ 2 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے دوبڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار الیکشن مہم کے دوران اچانک آمنے سامنے آگئے۔۔۔لاٹھی چلی نہ ڈنڈا ،راستہ روکا نہ پتھراؤ ہوا ،دھمکی دی نہ آستینیں چڑھائیں ۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار سینئر نائب صدر راجہ مشتاق منہاس اورپاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار ضیاء قمر نے ایک دوسرے سےبغلگیر ہوگئے ۔

دونوں نے پرتپاک مصافحہ کرکے پاکستان اور آزاد کشمیر کے دیگر سیاستدانوں کیلئے سیاسی رواداری اور جمہوری روایات کی پاسداری کی مثال قائم کر دی۔۔۔ دونوں امیدواروں نے اپنے ووٹر سپورٹرز اور سیاسی کارکنوں کی موجودگی میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں اپنے سیاسی حریفوں سے دشمنیاں اور سیاسی رنجشیں پالنے والوں کو یہ پیغام دیا کہ سیاست کرو تو ایسے اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کیلئے انتخاب میں حصہ لینے کا ایک انداز یہ بھی ہے جو سیاسی قد کاٹھ اوروقار میں اضافے کا باعث بنتا ہے ۔ زیر نظر یہ تصویریں پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنے کے حوالے سے سے بھی سیاسی قیادت کو واشگاف الفاظ میں یہ باور کروارہی ہیں کہ ایک دوسرے پر چور ڈاکو ،لٹیرے اور ملک دشمنی کے الزامات لگانے کے بجائے ایک دوسرے کو تسلیم کریں سیاسی اختلاف رائے کا اظہار ضرور کریں لیکن عزت،چادر چاردیواری کے تقدس اور احترام کے رشتوں کو پامال نہ کریں ۔مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ مشتاق منہاس اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیداوار سردار ضیاء قمر نے اپنے مد مقابل الیکشن میں حصہ لینے والے دیگر سیاسی جماعتوں کے نامزد اور آزاد امیدواروں کو بھی یہ دعوت فکر دی ہے کہ وہ بھی اپنی اپنی الیکشن مہم کے دوران رواداری کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ۔آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ 2 حصہ لینے والے امیدواروں نے اپنی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے یہ نشت سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں آزاد کشمیر ہائیکورٹ کی جانب سے وزارت عظمیٰ اور اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے سے متعلق فیصلہ کے نتیجہ میں خالی ہوئی تھی۔ اگرچہ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا یہ دعویٰ ہے اس حلقے میں 8 جون کو الیکشن نہیں ہوں گے آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ الیکشن سے قبل ہی انکی اسمبلی کی رکنیت بحال کردے گی۔سردار تنویر الیاس کے دعوے میں کس حد تک صداقت سے اس قطع نظرآزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے ضمنی انتخاب کے آزادانہ،منصفانہ اور شفاف انعقاد کیلئے اس حلقہ کے عوام ،الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور انکے ووٹر سپورٹرز کوبھرپور کردار ادا کرنا ہوگا ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close