دو روزہ پاکستان لٹریچر ٹور ازم 2 جون سے مظفرآباد میں منعقد ہو گا، سیکرٹری سیاحت مدحت شہزاد کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادکشمیرکی سیکرٹری سیاحت و آثار قدیمہ محترمہ مدحت شہزاد کی زیر صدارت پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے مظفرآباد میں انعقاد کے حوالہ سے اجلاس بدھ کے روز ٹور ازم کمپلیکس مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری بہبود آبادی عطا اللہ عطا،سیکرٹری سپورٹس چوہدری محمد رقیب، چیئرپرسن آرٹ اینڈ ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ آزادکشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر رخسار خان،ڈی جی ٹور ازم تہذیب النساء،ڈی جی سپورٹس چوہدری مہربان، ایڈیشنل سیکرٹری سروسز بشارت نبی، ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز و دیگر نے شرکت کی ہے۔

اجلاس میں پاکستان لٹریری فیسٹیول کے مظفرآباد میں انعقاد کے انتظامات، TORs، ذمہ داریاں اور ضروریات کاجائزہ لیا گیا۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان لٹریچر ٹور ازم کا 2 سے 3جون تک مظفرآباد میں انعقاد ہوگا۔ فیسٹیول کے لیے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی، کشمیر لبریشن لیگ، محکمہ سروسز، بہبود آبادی، یوتھ اینڈ کلچر، سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن، میونسپل کارپوریشن انفارمیشن اور انتظامیہ ملکر کام کریں گے اور فیسٹیول کا کامیاب انعقاد یقینی بنائیں گے۔ لٹریری فیسٹیول میں آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ، پاکستان اور کشمیر کے رستے کے حوالہ سے مذاکرہ ہوگا جس کو مختلف کتابوں کی روہنمائی بھی کی جائے گی۔ اسکے علاوہ کشمیر کے ثقافتی ورثہ کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال، کشمیر اور فکر اقبال، دبستان کشمیر کے نقوش، ہمیں ماتھے پر بوسہ دو، کشمیر کا مزاحتمی ادب کے عنوان سے بھی تقاریب ہونگی۔ جبکہ مسئلہ کشمیر کے لیے میڈیا کے کر دار پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ جبکہ فیسٹیول کے افتتاح پر کشمیر اور پاکستان کی موسیقی اور کشمیر کے فوک ڈانس بھی ہونگے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت و آثار قدیمہ محترمہ مدحت شہزادنے کہا کہ آزادکشمیر میں اس طرح کا پہلا فیسٹیول ہورہا ہے جس سے کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اورکشمیر کی علاقائی زبانوں کو بھی پذیرائی ملے گی۔ سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمہ جات اس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کر دار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں وزیر اعظم آزادکشمیر، وزیر امور کشمیر، سینیٹرز، دانشور، کشمیر ی قیادت اور تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا لٹریچر فیسٹیول ہوگا جس میں تفریحی کی سرگرمیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں