آزاد کشمیر، پریس فاؤنڈیشن کی رکنیت، تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کےسیکرٹری اطلاعات، ڈی جی انفارمیشن کے ساتھ انٹرویو

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پریس فاؤنڈیشن کی رکنیت کے سلسلہ میں پی آئی ڈی کمپلیکس چھتر مظفرآباد میں تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواران سے انٹرویو لیا گیا، انٹرویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سیکرٹری اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر انصر یعقوب خان نے کی، کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری قانون راشد کلیم، ناظم اعلیٰ تعلقات عامہ / سیکرٹری پریس فاؤنڈیشن راجہ اظہر اقبال، اسسٹنٹ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن سید بشارت حسین کاظمی شامل تھے، انٹرویو میں مظفرآباد، نیلم، سدھنوتی اور راولپنڈی / اسلام آباد سے متعلقہ امیدواران شامل تھے،

کل15 امیدواران نے انٹرویو میں حصہ لیا، اس موقع پر کمیٹی کے امیدواران کو تعلیمی اسناد کی مصدقہ نقول، ادارہ جات سے وابستگی کا تازہ ترین ثبوت، تنخواہ کا ثبوت و دیگر ضروری کاغذات جلد از جلد جمع کرانے کی ہدایت کی، نیز اس بات کی بھی ہدایت کی گئی کہ وابستگی اور تنخواہ کی تصدیق جو بیورو چیف، ڈسٹرکٹ رپورٹر کی جانب سے جاری کردہ ہو قابل قبول نہ ہو گی۔ سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب خان نے پریس فاؤنڈیشن کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور نئے ممبران کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے جدید ذرائع ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا، اور اس امر کا اعادہ کیا کہ صحافی حضرات پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھائیں اور سوشل میڈیا کی حالیہ خلاف اقدار روش کو اختیار نہ کرتے ہوئے معتبر صحافت کو فروغ دیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پریس فاؤنڈیشن ایک مثالی ادارہ ہے، اس کی ممبر شپ میرٹ پر کی جائے گی۔ ٹیسٹ / انٹرویو میں میرٹ پر آنے والے امیدواران کی ممبرشپ کا پراسیس مکمل کیا جائے گا تا کہ مثبت صحافت کو فروغ ملے اور صحافیوں بہترین انداز میں فلاح و بہبود ممکن ہو سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close