ریاستی وسائل پر وی آئی پی بننے کا کوئی شوق نہیں، سیاست میں کوئی چھٹی نہیں اور کوئی وقفہ نہیں ہوتا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ریاستی وسائل پر وی آئی پی بننے کا کوئی شوق نہیں ہے، تحریک آزادی کشمیر میری حکومت کی ترجیح اول ہو گی،آزادکشمیر کو صحیح معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے۔۔سیاست صحیح معنوں میں پیغمبری پیشہ ہے جس میں لوگوں کی خدمت چوبیس گھنٹے کرنا پڑتی ہے،جہاں کوئی چھٹی نہیں اور کوئی وقفہ نہیں ہوتا۔

اوورسیز کشمیری حقیقی معنوں میں وی وی آئی پی ہیں۔بطوروزیراعظم ایک عام شہری کے سامنے بھی جوابدہ ہوں۔لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے انتظامی مشینری کو متحرک کریں گے۔1991 سے سیاست میں ہوں کسی حادثے کی پیداوار نہیں ایک تربیت شدہ سیاسی کارکن ہوں۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوے کیا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کا آغاز ہوا ہے،اس سے پہلے تحریک انصاف کی حکومت تھی جس کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ عوام کریں گے،میں کوئی انقلابی تبدیلیاں لانے کا دعویدار نہیں ہوں۔سیاسی کارکن ہوں تبدیلی راتوں رات نہیں آتی تبدیلی کے لیے مالی حالت بہتر ہونی چاہیے۔ترقیاتی منصوبوں کے لیے پیسے چاہیں۔صحت،ایجوکیشن پٹوارخانوں سے عوام کا براہ راست تعلق ہے جسے ٹھیک ہونا چاہیے۔اگر ایک شخص جس کے پیچھے کوئی سیاسی کھڑپینچ موجود نہیں ہے تو اسکا استحصال نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دس ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں انتظامی مسائل ہیں جنہیں ٹھیک کرنا ہے محکمہ صحت کا بجٹ ہے مگر مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت نہیں ہے۔تعلیم کا یہی حال ہے سب سے زیادہ بجٹ تعلیم کا ہے ڈگری اور انٹری کالجز کے رزلٹ دیکھ لیں،یونیورسٹی تعلیم بہتر کرنے کی ضرورت ہے یہ ساری چیزیں پالیسی سے ٹھیک ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص اور ادارے کو اپنے ہونے کی جوازیت دینا پڑے گی۔کیا کھویا کیا پایا اس پر غور کرنا ہو گا میرے پیشرو کا اعلان تھا کہ میں تنخواہ نہیں لیتا آنے والے دنوں میں ہوشربا انکشافات سامنے آئیں گے۔عوام کو دعوؤں پر کوئی یقین نہیں ہے حکمران یا مراعات یافتہ طبقے کی کسی بات پر یقین نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب کے لیے کڑا نظام بنانا ہو گا اس کے لئے نظام بنانا ہو گا تاکہ کرپٹ عناصر کو قانون کا خوف ہو۔میرا جینا مرنا لوگوں کے ساتھ ہے آنے والے دنوں میں وزیراعظم اور عام آدمی میں فرق ختم ہو گا۔زندگی موت کا قادر مالک الملک ہے،ریاستی وسائل کے بلا ضرورت استعمال کو ختم کریں گے،کم سے کم سیکیورٹی رکھوں گا مجھے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے وی آئی پی بننے کا کوئی شوق نہیں ہے۔وی آئی پی وہ ہے جو سب سے زیادہ ٹیکس دے مہذب ملکوں میں وہی وی آئی پی ہے،المیہ یہ ہے کہ حکمران اشرافیہ نے قانون کو توڑنا اپنا مقصد بنا دیا ہے،بیروزگاری بہت ہے ایک اشتہار پر ہزاروں افراد اپلائی کرتے ہیں۔مجھے کچھ وقت چاہیے انشاء اللہ ریاست کو درست سمت میں رواں کروں گا،ریاستی وسائل پر بوجھ نہیں بنوں گا۔کائنات کا آفاقی تصور ہے کہ تخریب کے بغیر تعمیر نہیں ہو سکتی تغیر و تبدل کائنات کا آفاقی اصول ہے۔1996 میں ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل بنا 1991 سے سیاست کا آغاز کیا یہ چوبیس گھنٹے کی جاب ہے حقیقی معنوں میں پیشہ پیغمبری ہے مگر ہم نے خود اسکو بدنام کر دیا ہے۔سیاست میں کردار مر گیا ہے اگر آپ میں اپنی بات پر کھڑا ہونے کی ہمت ہی نہیں ہے تو پھر آپ کو چلے جانا چاہیے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا خوبصورت چہرہ اوورسیز کشمیری ہیں میں اپنے اوورسیز کشمیریوں کو وی وی آئی پی کہنا چاہتا ہوں انہیں یہی سٹیٹس ملنا چاہیے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر سارے نظام کی ایک ہی منزل ہے کہ تحریک تکمیل پاکستان کو مکمل کیا جائے۔ایسا علاقائی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے کہ سرحد پار کشمیریوں کی امیدیں قائم رہیں اور ہم ایسا ہی نظام وضح کریں گے اور آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close