وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار سے ملاقات، وفاقی حکومت کی جانب سےسالانہ ترقیاتی پروگرام میں 9.7 ارب روپے جاری کرنے پر شکریہ

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوار الحق اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔ملاقات کے دوران موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار نور اور وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ ،سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ بھی موجود تھے جبکہ وفاقی حکومت کی معاونت سپیشل اسسٹنٹ خزانہ طارق محمود پاشا ،چئیرمین سی بی آر اور دیگر سینئر آفیسران وفاقی وزارت خزانہ نے کی ۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے وفاقی وزیر خزانہ کاسالانہ ترقیاتی پروگرام میں 9.7 بلین روپے کے وفاقی حکومت کی جانب سے اجرائیگی پر شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اس رقم کی اجرائیگی سے ریاست میں ترقی کا پہیہ جو رک چکا تھا دوبارہ چلنا شروع ہو گیا ہے ،یاد رہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی کل مختص شدہ رقم 28 ارب روپے کے مقابلے میں تیسری سہہ ماہی تک صرف 11 ارب روپے موجودہ حکومت سے پہلے ریلیز ہوے تھے جبکہ موجودہ حکومت کی پندرہ روزہ شبانہ روز محنت اور کوششوں سے 9 ارب 70 کروڑ روپے وفاقی حکومت نے ریلیز کئے ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کشمیر ہاؤس میں دن رات اجلاس بلائے اور مالیاتی مسائل حل کرنے کیلیے شبانہ روز محنت کی جس کے نتیجے میں یہ کامیابی ملی ۔وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار کے ساتھ آزادجموں و کشمیر کے مالیاتی مسائل ،خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے وفاقی وزیر خزانہ کو آمدنی میں اضافے کیلیے آزادکشمیر حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی معاونت طلب کی ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے وفاقی وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہوے اس توقع کا اظہار کیا کہ فنڈز کے ریلیز ہونے سے آزادکشمیر میں بنیادی ڈھانچے ،معیشت میں مثبت تبدیلی رونما ہو گی ۔

انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ سے غیر ترقیاتی بجٹ جس میں تنخواہ اور پنشن شامل ہے کے حوالے سے بھی فنڈز ریلیز کرنے کی درخواست کی اور وفاقی حکومت کی جانب سے قبل ازیں دی گئی یقین دہانی کا حوالہ دیا جو وفاقی حکومت نے موجودہ مالی سال کے بجٹ کے وقت کروائی تھی ،یہ کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر حکومت کے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کےخسارے کو پورا کرے گی ۔۔وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو خوش آمدید کہتے ہوے آزادجموں و کشمیر کی تعمیر وترقی کیلیے وفاقی حکومت کی بھرپور مدد کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر کے عوام کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور آزادکشمیر کی ترقی کیلیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔وفاقی وزیر خزانہ نے ملک کی اقتصادی حالت کا اجمالی جائزہ بھی شئیر کیا اور کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت نے مالی حالت کو مستحکم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ نے آزادکشمیر حکومت کی ترقی کیلیے وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ۔وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم آزادکشمیر کو اس سلسلے میں ہر طرح کی امداد کی یقین دہانی کروائی ۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے حکومت آزادکشمیر ہر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت دستیاب وسائل کو عوام کی بہترین فلاح کیلیے استعمال کرے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے آزادجموں و کشمیر کے عوام کی ترقی کیلیے تعاون پر وفاقی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close