اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وفد میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان،صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرچوہدری محمد یٰسین، چوہدری لطیف،وزراء حکومت کرنل (ریٹائرڈ) وقار نور اور فیصل ممتاز راٹھور شامل تھے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، مشیر وزیراعظم پاکستان برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔وزیراعظم پاکستان نے چوہدری انور الحق کو آئینی اور جمہوری عمل کے ذریعہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیرِ اعظم پاکستان نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہدمیں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔ 5 اگست 2019 بھارت کا غیر قانونی اقدام انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو اسکا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی۔ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں