صدر آزاد کشمیر، ڈی جی آئی ایس پی آر کے کشمیر سے متعلق بیان کا خیر مقدم

اسلام آباد (پی این آئی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف کے کشمیر کے متعلق حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان کے ذریعے پاک فوج نے بھارت پر دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں اور اگر بھارت نے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کی کوشش کی تو ہم دشمن کے گھر میں گھس کر اس کا بھرپور جواب دیں گے۔

پاک فوج کے ترجمان کے اس بیان سے آر پار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا اور کشمیری عوام کی جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close