مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ایل اے 15 باغ 2آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی خالی نشست پر انتخابات کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ قانو ن سازاسمبلی کی خالی نشست ایل اے 15 باغ 2 میں 08 جون2023 کو پولنگ ہوگی۔ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی یہ نشست سابق وزیراعظم سردارتنویرالیاس خان کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ایل اے 15 باغ 2 کی خالی نشست پر انتخابات میں حصہ لینے کیلئے 10 مئی شام 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ 11 مئی صبح8 بجے سے سہ پہر2 بجے تک امیدوارن کی جانب سے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے بعد امیدواروں کی فہرست شائع کی جائیگی۔15مئی2023 کو دن 2 بجے سے قبل امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف الیکشن ٹریبونل کے سامنے اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اور16مئی کو مظفرآباد الیکشن کمیشن کے آفس میں ان اپیلوں کی سماعت ہوگی جبکہ17مئی تک ان پر فیصلے دیے جائیں گے۔ 18مئی کو سہ پہر 2 بجے سے قبل تک امیدوار الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرسکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔ 19 مئی کو سہ پہر 2 بجے سے قبل امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست انتخابی نشانات کے ساتھ شائع کی جائیگی اور 08 جون 2023 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک حلقہ ایل اے 15 باغ میں پولنگ ہوگی۔ ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امید واران کے لئے لازم ہے کہ وہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی داخل کروانے سے قبل اپنے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات کی تفصیل آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائیں۔
لہذا متذکرہ بالا حلقہ کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امید واران کو بذریعہ پریس ریلیز مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ ریٹرنگ آفیسر کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی داخل کروانے سے قبل اسٹامپ پیپر پر اپنے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات کی تفصیل سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے پاس ان کے دفتر واقع بلاک نمبر 06گراؤنڈ فلو ر سول سیکرٹریٹ چھتر دومیل مظفرآباد میں جع کروا کر رسید حاصل کرلیں تاکہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی داخل کرواتے وقت یہ رسید بھی کاغذات کے ساتھ شامل کر کے پیش کی جاسکے۔ اثاثہ جات کی تفصیل کا نمونہ الیکشن کمیشن سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں