قائم مقام وزیر اعظم خواجہ فاروق کی صدارت میں آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس، صدارتی سکریٹریٹ کے لیے گاڑی خریدنے کا ٹینڈر ختم کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی) قائم مقام وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر خواجہ فاروق احمد کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس پیر کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔کابینہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں امن و امان اور سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزراء سردار میر اکبر خان، عبدالماجد خان، اکمل حسین سرگالہ، حافظ حامد رضا، چوہدری مقبول گجر،دیوان علی خان چغتائی، چوہدری اکبر ابراہیم، ظفر اقبال ملک،علی شان سونی، سردار فہیم اختر ربانی،چیف سیکرٹری ڈاکٹرمحمد عثمان چاچڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل احسان خالد کیانی، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز علی خان،سیکرٹری قانون ارشاد احمد قریشی،سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب خان ودیگر نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس نے کابینہ کو موجودہ حالات کے تناظر میں امن و امان برقرار رکھنے کے حوالہ سے انتظامات بارے بریفنگ دی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ دارلحکومت میں جاری سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور تمام ممبران اسمبلی کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔انسپکٹر جنرل پولیس نے گزشتہ روز باغ میں قتل کے واقعہ، قاتلوں کی گرفتاری اور اب تک کی پیش رفت کے حوالہ سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا۔آزاد جموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں صدارتی سیکرٹریٹ کےلیے گاڑی خریدنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ مالی مشکلات کے تناظر میں گاڑی کی خریداری نامناسب ہو گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالہ سے ٹینڈرنگ پراسس کو ختم کیا جائے جس پر چیف سیکرٹری نے کابینہ کو بتایا کہ صدارتی سیکرٹریٹ کے لیے گاڑی خریدنے بارے جاری ٹینڈر تاریخ اشاعت سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close